کتاب: شرح تیسیر مصطلح الحدیث - صفحہ 301
۳۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ دو راوی ایک اعتبار سے ایک طبقہ میں اور دوسرے اعتبار سے دو طبقوں
میں (یعنی دونوں الگ الگ طبقوں میں ) داخل ہوتے ہیں :
جیسے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ اور ان جیسے دوسرے اصاغر صحابۂ کرام کہ یہ اس اعتبار سے کہ صحابہ میں داخل ہیں ، عشرہ مبشرہ کے ساتھ ایک طبقہ کے لوگ ہیں اور اس اعتبار سے سب صحابہ ایک طبقہ کے لوگ ہیں ۔ لیکن اگر سبقتِ اسلام کا اعتبار کیا جائے تو حضراتِ صحابہ کے دس سے کچھ اوپر طبقات بنتے ہیں جیسا کہ ’’معرفتِ صحابہ‘‘ میں بیان کیا جاچکا ہے۔ لہٰذا اس اعتبار سے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ جیسے اصاغر صحابہ ’’عشرہ مبشرہ‘‘ کے طبقہ میں داخل نہ ہوں ۔
۴۔ طبقات میں غوروفکر کرنے والے کی کیا ذمہ داری ہے؟:
علم طبقات میں بحث و تحقیق کرنے والے کے ذمہ ہے کہ اسے رواۃ کی پیدائش و وفات کی تواریخ اور ان کے شیوخ اور ان کے تلامذہ کا علم ہو۔
۵۔ طبقات پر مشہور کتب:
الف: …ابن سعد رحمہ اللہ کی ’’طبقات الکبری‘‘
ب: …ابو عمرو دانی کی ’’طبقات القر ّاء‘‘
ج: …عبدالوھاب سبکی کی ’’طبقات الشافعیۃ الکبری‘‘
د: …علامہ ذہبی رحمہ اللہ کی ’’تذکرۃ الحفاظ‘‘
۱۹… موالی علماء اور رواۃ کی معرفت
۱۔ موالی کی تعریف:
الف: …لغوی تعریف: لفظ ’’موالی‘‘ یہ ’’مولٰی‘‘ کی جمع ہے۔ اور لفظ ’’مولی‘‘ اضداد[1] کی قبیل سے ہے ۔ چناں چہ یہ لفظ مالک اور غلام ، آزاد کرنے والے اور آزاد ہونے والے پر یکساں بولا جاتا ہے۔ [2]
ب: … اصطلاحی تعریف: (محدثین اور علماء و فقہاء کی اصطلاح میں ) مولی اس شخص کو کہتے ہیں جس نے کسی کے ساتھ (نصر ت و معاونت کا) معاہدہ کر رکھا ہو یا کسی نے اسے غلامی کی زنجیروں سے آزاد کر دیا ہو یا مولی وہ شخص کہلاتا ہے جو کسی کے ہاتھ پر اسلام لے آیا ہو۔[3]
۲۔ موالی کی اقسام:
(مذکورہ بالا اصطلاحی تعریف کی بنا پر) موالی کی تین اقسام (بنتی) ہیں جو یہ ہیں :
[1] اضداد ان کلمات کو کہتے ہیں جو بیک وقت دو متضاد معانی پر مشتمل ہوں ۔
[2] دیکھیں :القاموس المحیط ج۴ ص۴۰۴۔ (طحّان)
[3] دیکھیں :التقریب مع التدریب ۲/۳۸۲ (طحّان)