کتاب: شرح تیسیر مصطلح الحدیث - صفحہ 208
سے زیادہ اس طعن کا سزاوار نہیں ۔
د: …روایت کرکے بھول جانے کی مثال: اس کی مثال وہ حدیث ہے جسے ابو داؤد، ترمذی اور ابن ماجہ نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمن کی روایت سے بیان کیا ہے کہ ربیعہ، سہیل بن ابی صالح سے، وہ اپنے والد ابو صالح سے اور وہ حضرتِ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں کہ، ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (ایک خصومت میں ) گواہ کے ساتھ ساتھ قسم بھی لے کر فیصلہ کیا۔‘‘
عبدالعزیز بن محمد دراوردی کہتے ہیں ،’’مجھے یہ حدیث ربیعہ بن ابی عبدالرحمن نے سہیل کے واسطے سے سنائی۔ پھر کسی موقع پر جب میری سہیل سے ملاقات ہوئی تو میں نے (موقع غنیمت جانتے ہوئے) ان سے اس حدیث کے بارے میں پوچھ لیا۔ مگر وہ یہ حدیث نہ پہچان سکے۔ پھر میں نے انہیں بتلایا کہ مجھے تو یہ حدیث ربیعہ نے آپ کے واسطے سے یوں ہی سنائی ہے۔ اس پر سہیل اس واقعہ کے بعد یوں کہا کرتے تھے: ’’حدثنی عبدالعزیز عن ربیعۃ، عنّی انّی حدّثتُہ عن ابی ھریرۃ رضی اللّٰه عنہ مرفوعاً بکذا……‘‘کہ
’’مجھے عبدالعزیز نے ربیعہ سے بیان کیا کہ ربیعہ مجھ سے بیان کرتے ہیں کہ میں نے انہیں حضرتِ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً یہ حدیث بیان کی ہے۔‘‘
ھ:… بھولی روایات پر لکھی جانے والی اہم کتب: خاص اس موضوع پر خطیب بغدادی رحمہ اللہ نے ’’اَخبارُ مَنْ حَدَّثَ وَنَسِیَ‘‘ نامی ایک کتاب لکھی ہے جو مشہور اور مقبول ہے۔