کتاب: شرح تیسیر مصطلح الحدیث - صفحہ 151
ابھی راوی نے اپنی کسی ضرورت کے تحت کی ہے) اس اسناد کا متن ہے۔ چناں چہ وہ سننے والا اس بات کو اس اسناد کے ساتھ اسی طرح راوی سے آگے روایت کرے جس سے اسناد کا سیاق بدل جائے۔
۳۔ مُدرَج فی الاسناد کی مثال:
اس کی مثال ثابت بن موسیٰ زاھد کا قصّہ ہے جس کی روایت میں یہ الفاظ ہیں ، ’’مَنْ کَثُرَتْ صَلَاتُہٗ بِاللَّیْلِ حَسُنَ وَجْہُہٗ بِالنَّھَارِ‘‘ ’’جو رات کو زیادہ نمازیں پڑھے گا اور اس کا چہرہ دن میں خوب صورت( اور روشن) ہوگا۔ [1]
اِس قِصّہ کی حقیقت یہ کہ ایک دن ثابت بن موسیٰ قاضی شریک بن عبداللہ کو ملنے گئے۔ جب وہ ان کی مجلس میں داخل ہوئے تو اس وقت قاضی صاحب حدیث املاء کرواتے ہوئے یہ سند بیان کر رہے تھے:
’’حدثنا الاعمش ، عن ابی سفیان عن جابر قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم۔۔۔۔‘‘
قاضی شریک اس قدر املاء کروا کر (ذرا دیر کو) خامو ش ہو گئے تاکہ مُسْتَمْلِی[2]اس قدر اسناد لکھ لے۔ اتنے میں ان کی نظر ثابت بن موسیٰ پر پڑ گئی تو (ان کے روشن اور نورانی چہرے کو دیکھ کر بے ساختہ) کہہ اٹھے، ’’مَنْ کَثُرَتْ صَلَاتُہٗ بِاللَّیْلِ حَسُنَ وَجْھُہٗ بِالنَّھَارِ‘‘ اور اس جملہ سے ان کی مراد ’’ثابت بن موسیٰ‘‘ تھے۔ جن کے زہد و ورع کو دیکھ کر انہوں نے بے ساختہ یہ کہہ دیا تھا مگر ثابت بن موسیٰ اس کو ’’اس اسناد‘‘ کا متن گمان کر بیٹھے۔ چناں چہ (بعد میں ) وہ اس جملہ کو اسی اسناد کے ساتھ بیان کیا کرتے تھے۔[3]
ب:… مُدْرَجُ الْمَتَنِ
۱۔ مُدرَج المتن کی تعریف:
یہ وہ حدیث ہے جس کے متن میں تفصیل بیان کیے بغیر کوئی عبارت ملا دی جائے جو اس حدیث کی عبارت کا حصّہ نہ ہو۔ (دوسرے لفظوں میں متنِ حدیث میں غیر متن کو داخل کرنے کا نام ’’ادراج فی المتن‘‘ ہے)۔
۲۔’’ادراج فی المتن‘‘ کی قسمیں (اور صورتیں ):
(اصولی طور پر ’’ادراج فی المتن‘‘ کی) تین (ہی) صورتیں (ہوسکتی ہیں )،جو یہ ہیں :
الف: …یا تو ادراجِ حدیث ابتداء میں ہوگا۔ اگرچہ ایسا کم ہوتا ہے مگر متنِ حدیث کے بیچ میں ادراج کرنے کی
[1] اخرجہ ابن ماجہ باب قیام اللیل ج۱/ص۴۲۲ حدیث رقم ۱۳۳۳ (طحّان)
[2] مُسْتَملی اس شخص کو کہتے ہیں جو طلباء کی کثرت کے وقت درسِ حدیث میں محدث کی آواز کو آخر تک پہنچائے۔ (طحّان)
[3] علامہ اسعدی نے ’’ادراج فی الاسناد‘‘ کی دو اور صورتیں بھی لکھی ہیں جن کو بندہ عاجز مترجم نے طوالت کے خوف سے قلم انداز کر دیا ہے۔ دیکھیں : علوم الحدیث ، ص: ۱۷۳، ۱۷۴…