کتاب: شرح کشف الشبہات - صفحہ 17
مشرکین ان تمام چیزوں کا اقرار کرتے تھے اور دن رات اللہ تعالیٰ کو پکارتے بھی تھے لیکن اس کے باوجود وہ اس دائرہ توحید میں داخل نہ ہو سکے جس کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں دعوت دیتے تھے یعنی عبادت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی توحید کو اپنانا۔
……………… شرح …………………
نمبر1:… توحید ربوبیت
اللہ تعالیٰ پیدا کرنے،بادشاہت کرنے اور معاملات چلانے کے اعتبار سے اکیلا ہے۔
دلائل:
’’اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ’’اللہ تعالیٰ ہر چیز کا خالق ہے۔‘‘(الزمر:62)
دوسری جگہ فرمایا: ’’کوئی اللہ کے سوا پیدا کرنے والا ہے جو تمہیں آسمانوں اور زمینوں میں رزق دیتا ہے؟ کوئی الٰہ یا معبود نہیں سوائے اس کے۔‘‘(فاطر:3)
پھر فرمایا: ’’بابرکت ہے وہ ذات جس کے ہاتھ میں بادشاہت ہے اور وہی ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔‘‘(الملک:1)
نیز فرمایا: ’’ خبردار وہی اس مخلوق کا مالک ہے اور تمام معاملات کا مالک ہے۔بابرکت ہے اللہ تعالیٰ جو جہانوں کا رب ہے۔‘‘(اعراف:54)
نمبر2:… توحید الوہیت
انسان اللہ تعالیٰ کو عبادت میں اکیلا سمجھے اور اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی دوسرے کو عبادت میں شریک نہ کرے۔ نیز کسی دوسرے کا قرب حاصل کرنے کی کوشش نہ کرے۔ جیسے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے لیے انسان کوشش کرتا ہے۔
نمبر3:… اللہ تعالیٰ کے اسماء و صفات میں اس کو اکیلا سمجھنا
اللہ تعالیٰ کے نام اور وہ صفات جو قرآن مجید اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین میں منقول ہیں ان ناموں اور صفات کو صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کیا جائے۔