کتاب: شرح حدیث ہرقل سیرت نبوی کے آئینے میں - صفحہ 49
نزولِ سکینت:
{ فَأَ نْزَلَ السَّکِیْنَۃَ عَلَیْھِمْ } اﷲ تعالیٰ نے ان کو سکینت دے دی۔
یعنی ایک عجیب فرحت، عقیدے کی پختگی، ایمان کا سرور، ایمان کی لذت، ایمان و عمل کی حلاوت اور مٹھاس اﷲ تعالیٰ نے سب چیزیں عطا فرما دیں۔
اب ان کے ہاں ایمان اور عمل صالح پر کوئی چیز مقدم نہیں ہوگی، سب سے پہلے ایمان ہے، عمل صالح ہے، باقی یہ علائق، یہ رشتہ داریاں، دنیاوی امور، دنیاوی دولتیں یہ سب دنیا کا مال ہے، ان سب کی اصلیت کے سامنے اﷲ تعالیٰ نے ایسی سکینت عطا فرما دی کہ اب ایمان ان کو ہر چیز سے بہتر معلوم ہوا۔
ایمان کی محبت:
{ وَحَبَّبَ إِلَیْکُمُ الْاِیْمَانَ } [الحجرات: 7] اﷲ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں ایمان کی محبت راسخ کر دی اور اسے ان کے دلوں میں جاگزیں کر دیا، یہ ایک عجیب اور عظیم فضیلت ہے کہ مستقل طور پر ان کے ایمان کی گواہی دے دی اور فرمایا:
{ وَاَثَابَھُمْ فَتْحًا قَرِیْبًا} اﷲ تعالیٰ نے اس کے بدلے میں فتح قریب عطا فرما دی۔
فتح قریب کیا ہے؟
یہ فتح خیبر ہے، کیونکہ اسی بشارت کی بنا پر حدیبیہ کے سفر کے چند دنوں بعد اﷲ کے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر کا قصد کیا، اور خیبر وہ سرزمین ہے جس کے مالک یہودی تھے، یہ اونچے اونچے مضبوط قلعوں، باغات اور کھیتوں کی سرزمین تھی، اﷲ تعالیٰ نے اس کے صلہ میں فتح خیبر دے دی اور مسلمانوں کو مالا مال کر دیا، ابن عمر رضی اللہ عنہما کا قول ہے:
’’ ما شبعنا حتی فتحنا خیبر ‘‘ [1]
فتح خیبر کے بعد ہی ہمیں پیٹ بھر کر کھانا نصیب ہوا۔
[1] صحیح البخاري: کتاب المغازي، باب غزوۃ خیبر، رقم الحدیث (4000)