کتاب: شرح حدیث ہرقل سیرت نبوی کے آئینے میں - صفحہ 26
جس سے سیرت نبوی کا اعجاز نمایاں طور پر ابھر کر ہمارے سامنے آتا اور ہمیں اپنے کردار اور اعمال کی اصلاح کی دعوت دیتا ہے۔
زیر نظر کتاب دو حصوں پر مشتمل ہے:
1۔ پہلا حصہ فضیلۃ الشیخ علامہ عبداﷲ ناصر رحمانی حفظہ اللہ کی شرح و تفسیر پر مشتمل ہے، جو انہوں نے جامع مسجد اہلحدیث بوہرہ پیر کراچی میں جمعہ کے آٹھ خطبات میں بیان فرمائی، اس شرح کا سب سے امتیازی پہلو یہ ہے کہ ایک طرف اگر حدیث ہرقل میں مذکور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی صفات اور تعلیمات پر بھرپور روشنی ڈالی گئی ہے، تو دوسری طرف انہی صفات و تعلیمات کی روشنی میں عصر حاضر میں مسلمانوں کے اندر رائج فکری اور عملی کج رویوں کو ہدفِ تنقید ٹھہرا کر اصلاحِ احوال کی دعوت دی گئی ہے، جس میں پڑھنے والے کو اپنی کوتاہیوں کا احساس اور اصلاح کی دعوت نظر آتی ہے۔
2۔ دوسرے حصہ میں محدث العصر حضرت حافظ محمد محدث گوندلوی رحمۃ اللہ علیہ کی بیان کردہ شرح و تفصیل ہے، جو انہوں نے طلبائے علم کو صحیح بخاری پڑھاتے ہوئے بیان فرمائی، جو اپنے اندر بیش قیمت علمی نکات اور تحقیقی جواہر سموئے ہوئے ہے۔
دونوں حصوں میں اگرچہ ایک ہی حدیث کی تشریح بیان کی گئی ہے، لیکن حیرت انگیز حد تک ’’ہرگلے را بوئے دیگر است‘‘ کے مصداق جدا جدا نکات اور الگ الگ مباحث دیکھنے کو ملتے ہیں، جس سے دونوں شخصیات کے علم و فضل کی گیرائی اور گہرائی کا اندازہ ہوتا ہے۔ جزاھم اللّٰہ خیرا وجعلہ في میزان حسناتھم۔
اس کتاب کی ترتیب و تزئین میں مندرجہ ذیل امور کو مدنظر رکھا گیا ہے:
1۔ کتاب میں مذکور آیات کی ترقیم اور بیشتر احادیث و آثار کی مختصر تخریج کی گئی ہے۔
2۔ ذیلی عناوین کا اہتمام کیا گیا ہے۔
3۔ کتاب کے دوسرے حصے میں آیات کا ترجمہ ہماری طرف سے اضافہ کردہ ہے۔