کتاب: شرح حدیث ہرقل سیرت نبوی کے آئینے میں - صفحہ 25
کتاب: شرح حدیث ہرقل سیرت نبوی کے آئینے میں
مصنف: محدث العصر حافظ محمد گوندلوی
پبلیشر: ام القریٰ پبلی کیشنر
ترجمہ:
عرض ناشر
سیرت نبوی ایک ایسی دلآویز داستان ہے، جو اپنی رعنائی اور پہنائی کے ساتھ ساتھ پند و نصائح کا ایک حسین مرقع ہے، جس کا مطالعہ کرنے سے ایک طرف اگر عقائد و افکار کو جلا حاصل ہوتی ہے، تو دوسری طرف زندگی گزارنے کے لیے ایک متعین راہ اور قابلِ رشک سیرت و کردار کی طرف رہنمائی ملتی ہے، خصوصاً کسی مسلمان کے لیے اس سے بڑھ کر رشد و ہدایت کا کوئی اور نمونہ اور بدیل نہیں ہوسکتا، ارشاد باری تعالیٰ ہے:
{لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ } [الأحزاب: 21]
’’ بلا شبہ یقینا تمہارے لیے اﷲ کے رسول میں ہمیشہ سے اچھا نمونہ ہے۔‘‘
چنانچہ اسی اہمیت کے پیشِ نظر ابتدائے اسلام سے عصر حاضر تک سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں اصحاب علم و قلم نے سیرت النبی جیسے کثیر الجھۃ موضوع پر دقائق و معارف سے پُر عظیم الشان قلمی ورثہ چھوڑا ہے، جس میں سیرت نبوی کے مختلف پہلوؤں کو زیر بحث لایا گیا اور ایک مثالی زندگی گزارنے کے لیے انتہائی مفید اور رہتی دنیا تک کار آمد تعلیمات کو اجاگر کیا گیا۔ جزاھم اللّٰہ خیر الجزاء ۔
زیر نظر کتاب بھی اسی مبارک سلسلہ کی ایک کڑی ہے، جس میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے کردار کی عظمت اور سیرت کی رفعت کو موضوع بحث بنایا گیا ہے، لیکن اس کتاب کی انفرادیت اور امتیازی پہلو یہ ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے کردار اور سیرت کی عظمت کی گواہی دینے والے دو سخت ترین دشمن اور کافر تھے، بلکہ أئمۃ الکفر!