کتاب: شرح حدیث ابن عباس - صفحہ 99
(( إِذَا سَأَلْتَ فَاسْأَلِ اللّٰہَ )) ’’جب تم سوال کرو تو اللہ سے سوال کرو۔‘‘ اس میں حکم فرمایا کہ جب بھی کوئی ضرورت پیش آئے تو اللہ سے مانگو، اسی سے سوال کرو، کسی اور سے سوال نہ کرو۔ اللہ تعالیٰ نے بھی فرمایا ہے: ﴿وَاسْأَلُوا اللّٰه مِنْ فَضْلِهِ ﴾ [النساء: ۳۲] ’’اور اللہ سے اس کے فضل میں سے حصہ مانگو۔‘‘‘ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( سَلُوْا اللّٰہَ مِنْ فَضْلِہِ، فَإِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ أَنْ یُّسْأَلَ )) [1] ’’اللہ سے اس کے فضل کا سوال کرو، اللہ تعالیٰ پسند فرماتے ہیں کہ اس سے مانگا جائے۔‘‘ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( یَسْأَلُ أَحَدُکُمْ رَبَّہُ حَاجَتَہُ کُلَّھَا حَتّٰی یَسْأَلَہُ شِسْعَ نَعْلِہٖ إِذَا انْقَطَعَ )) [2] ’’چاہیے کہ تم اپنی تمام حاجات اپنے رب سے طلب کرو، حتیٰ کہ جوتے کا تسمہ ٹوٹ جائے تو اسی سے سوال کرو۔‘‘ ’’المستدرک للحاکم‘‘ (۱/ ۴۹۱) میں ساتھ یہ ہے: (( فَإِنَّ اللّٰہَ عَزَّوَجَلَّ إِنْ لَمْ یُیَسِّرْہُ لَمْ یَتَیَسَّرْ )) ’’اگر اللہ آسانی نہ فرمائیں تو کوئی آسانی نہیں کرتا۔‘‘
[1] ترمذي (۳۵۷۱) و في إسنادہ ضعف. [2] سنن الترمذي (۳۶۰۴) سنن ابن حبان (۲۴۰۲) وغیرہ.