کتاب: شرح ارکان ایمان - صفحہ 213
۳۔ اجماع:
کروڑوں اوربے شمار لوگوں کا انبیاء ورسل علیہم السلام کی نبوت ورسالت پر ایمان لانا،مسلمانوں اور غیر مسلمانوں میں سے جیسے یہود ونصاریٰ ان سب کا انبیاء ورسل علیہم السلام کی نبوت و رسالت پرہر زمان ومکان میں ایمان لانا اور ان کی تصدیق کرنا اور ان پر کمال اعتقاد رکھنا، یہ ایک روشن اورواضح ثبوت ہے انبیاء ورسل علیہم السلام کی نبوت ورسالت پر۔
عقلی دلائل
ا۔ اﷲ کی ربوبیت ورحمت کاتقاضا:
اللہ تعالیٰ کی ربوبیت اور رحمت تقاضا کرتی ہیں کہ رسولوں کو مخلوق کی طرف ارسال کیاجائے تاکہ مخلوق کو خالق کا تعارف کرائیں اور مخلوق کو ان چیزوں کی راہنمائی کریں کہ جن میں انکی کمالِ انسانیت ہے اور ان کی دنیا وآخرت کی کامیابی مضمر ہے۔
۲۔ رب کی عبادت کیلئے معصوم معلم کی ضرورت:
یہ بات مسلّم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :۔
﴿ وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنْسَ إِلَّا لِیَعْبُدُوْنَ﴾[1]
اور میں نے جن وانس کو صرف اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ہے۔
صاف ظاہر ہے کہ کوئی بھی مکلَّف اللہ تعا لیٰ کی عبادت کا طریقہ بغیر کسی معصوم معلِّم کے نہیں جانتا اور نہ ہی اس کو اپنی مرضی کے مطابق اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے کی اجازت ہے تو یہ بات انبیاء ورسل علیہم السلام کے ارسال وبعثت کی مقتضی ہے تا کہ انبیاء ورسل علیہم السلام ہی لوگوں کو اس عبادت کا طریقہ وکیفیت بتائیں جن کے لئے وہ پیدا کیے گئے ہیں۔
[1] سورۃالذاریات: ۵۶