کتاب: شرح عقیدہ واسطیہ - صفحہ 220
ہوں اور اسے بھی جس کی طرف تمہیں بھیجا جا رہا ہے، اسی طرح جو کچھ تم کرو گے اسے بھی دیکھتا ہوں اور اسے بھی جو کچھ تمہارے ساتھ کیا جائے گا۔ یہ اس لیے کہ ان سے بدسلوکی قول کے ساتھ کی جائے گی یا فعل کے ساتھ، اگر قول سے ہوگی تو اللہ اسے سن لے گا اور اگر فعل سے ہوگی تو اللہ اسے دیکھ لے گا۔ پانچویں آیت: ﴿اَلَمْ یَعْلَمْ بِاَنَّ اللّٰہَ یَرٰیo﴾ (العلق: ۱۴) ’’کیا وہ نہیں جانتا کہ یقینا اللہ دیکھتا ہے؟‘‘ شرح:…[اَلَمْ یَعْلَمْ]… میں ضمیر نبی کریم علیہ الصلاۃ والسلام کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے کی طرف لوٹتی ہے۔ اس لیے کہ اللہ فرماتا ہے: ﴿اَرَئَ یْتَ الَّذِیْ یَنْہٰیo عَبْدًا اِِذَا صَلّٰیo اَرَئَ یْتَ اِِنْ کَانَ عَلٰی الْہُدٰٓیo اَوْ اَمَرَ بِالتَّقْوٰیo اَرَئَ یْتَ اِِنْ کَذَّبَ وَتَوَلّٰیo اَلَمْ یَعْلَمْ بِاَنَّ اللّٰہَ یَرٰیo﴾ (العلق: ۹۔ ۱۴) ’’کیا تو نے اس شخص کا حال دیکھا جو بندہ (خاص) کو روکتا ہے جب وہ نماز پڑھتا ہے، کیا تو نے دیکھا کہ اگر وہ بندہ حق پر ہو، یا وہ تقویٰ کی ہدایت کر رہا ہو، کیا تو نے دیکھا کہ اگر وہ (دوسرا شخص) جھٹلا رہا ہو یا روگردانی کر رہا ہو، کیا اسے نہیں معلوم کہ اللہ دیکھ رہا ہے۔‘‘ مفسرین بتاتے ہیں کہ اس شخص سے مراد ابوجہل ہے۔[1] اس آیت میں اللہ تعالیٰ کے لیے صفت رؤیت کا اثبات ہے۔اللہ تعالیٰ کی طرف مضاف رؤیت کے دو معنی ہیں : معنی اول: رؤیت بمعنی علم۔ معنی دوم: مبصرات کی رؤیت، یعنی آنکھ کے ساتھ ان کا ادراک کرنا۔ رؤیت بمعنی علم کی مثال قیامت کے بارے میں یہ ارشاد ربانی ہے: ﴿اِِنَّہُمْ یَرَوْنَہٗ بَعِیْدًاo وَّنَرٰہُ قَرِیْبًاo﴾ (المعارج: ۶۔۷) ’’یقینا وہ اسے دور دیکھتے ہیں جبکہ ہم اسے قریب دیکھتے ہیں ۔‘‘ اس جگہ رؤیت علم کے معنی میں ہے، اس لیے کہ دن ایسا جسم نہیں ہے جیسے دیکھا جا سکے۔ لہٰذا ﴿وَّنَرٰہُ قَرِیْبًا﴾ کا معنی ہوگا، ہماسے قریب جانتے ہیں ۔ اَلَمْ یَعْلَمْ بِاَنَّ اللّٰہَ یَرٰی میں رؤیت علم کے معنی میں بھی ہو سکتی ہے اور رؤیت بصری کے معنی میں بھی، اور ان دونوں معنوں میں کوئی منافات نہیں ہے، اسے دونوں معنوں پر محمول کرتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اللہ کو معلوم ہے کہ یہ آدمی کیا کرتا اور کیا کہتا ہے اور وہ اسے دیکھتا بھی ہے۔ چھٹی آیت: ﴿الَّذِیْ یَرَاکَ حِیْنَ تَقُوْمُo وَتَقَلُّبَکَ فِی السَّاجِدِیْنَo اِِنَّہٗ ہُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُo﴾
[1] ملاحظہ ہو: الدر المنثور: ۶/ ۶۲۶۔