کتاب: شیطانی وسوے - صفحہ 8
ایسے موضوعات پر کتابیں شائع کی ہیں جنہیں پڑھ کر لوگوں کی دین محمدی کے ساتھ رغبت بڑھے اور ان کے اندر قرآن و سنت پر عمل کرنے کا جذبہ بھی پروان چڑھے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے روز مرہ معاملات میں دینی رہنمائی بھی حاصل ہو ، تاکہ ان کی دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت بھی سنور سکے ،جو ایک مسلمان مؤمن کی زندگی کا مقصد ہے۔ زیر نظر کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک زبردست کڑی ہے۔ اس کتاب میں شیطان کی چالوں، اس کے وسوسوں اور طریقہ واردات پرسیر حاصل بحث کی گئی ہے ۔پھر ان کا توڑ بھی قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے۔ دینی علم کی کمی کی وجہ سے لوگ دھڑا دھڑ شیطان کے ہتھے چڑھ رہے ہیں ، اس لیے لوگوں کی آسانی کے لیے اصل کتاب ’’ آفۃ المؤمن الوساوس‘‘ کو اُردو قالب میں ڈھالا گیا ہے۔ یہ سعادت ہمارے فاضل نوجوان دوست مولانا محمد زاہد الرحمن حفظہ اللہ کے حصہ میں آئی ہے، جو ترجمہ کرنے میں اپنی مہارت میں یکتا ہیں، اُن کا ترجمہ اتنا عام فہم اور سلیس ہوتا ہے کہ کتاب ترجمہ نہیں تصنیف ہی محسوس ہو تی ہے۔ کتاب کے مصنف الشیخ؍ محمد بن عبداللہ الشایع نے زیر مطالعہ موضوع پر انتہائی اچھے انداز میں قلم اُٹھایا ہے اور معالی الشیخ؍ عبداللہ بن سلیمان المنیع حفظہ اللہ ممبر کبار علماء کمیٹی مملکت سعودیہ نے اس پر تقریظ لکھ کر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ ترجمہ پر نظر ثانی کے لیے بہت سی کتب کے مترجم و مصنف اور مؤطا امام مالک کے شارح فضیلۃ الشیخ ابو یحییٰ محمد زکریا زاہد حفظہ اللہ کو تکلیف دی گئی ہے۔ انہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر اسے بحسن خوبی سر انجام دیا ہے۔اب یہ کتاب ’’شیطانی وسوسے ‘‘ کے نام سے آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس کتاب کو مصنف، مترجم اور تمام مسلمانوں کے لیے آخرت میں نجات کا ذریعہ بنادے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمارے ادارے ’’الفرقان‘‘ میں بھی برکت عطا فرمائے تاکہ ہم آئندہ بھی قرآن و سنت کی خدمت کا فریضہ انجام دے سکیں۔ آمین والسلام عبدالرؤف مدیر مکتبۃ الکتاب،لاہور