کتاب: شیطانی وسوے - صفحہ 16
بنیادوں میں شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ان شیطانی وسوسوں کا عقلی، نقلی اور عام قواعد کے دلائل سے مزین علاج بھی بیان کر دیا ہے تاکہ عام لوگ شیطانی ہتھکنڈوں سے بچ سکیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ مؤلف کو اس کتاب کی تالیف پرابھارنے والی چیز مسلمان بھائیوں کی خیر خواہی ہے۔ کیوں کہ اپنے علم کی وجہ سے وہ مسلمانوں کی بہتر انداز میں رہنمائی کر سکتے ہیں۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ بھی قرآن مجید میں ارشاد فرماتے ہیں:
{وَقُوْلُوْ ا لِلنَّاسِ حُسْناً}
’’اور لوگوں سے اچھی بات کہو۔ ‘‘
جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے:
((اَلدِّیْنُ النَّصِیْحَۃُ، قُلْنَا:لِمَنْ یَا رسُوْلَ اللّٰہِ ؟ قَالَ : لِلّٰہِ وَلِرَسُولِہِ وَلِأَئِمَّۃِ الْمُسْلِمِیْنَ وَعَامَّتِھِمْ)) [1]
’’دین خیر خواہی کا نام ہے (صحابہ کہتے ہیں ) ہم نے پوچھا: اے اللہ کے رسول!کس کی خیر خواہی ؟ آپ نے فرمایا : اللہ کے لیے ، اس کے رسول کے لیے، مسلمان حکمرانوں کے لیے اور عام مسلمانوں کے لیے ۔ ‘‘
میں دعا کرتا ہوں کہ اس کتا ب کو اللہ تعالیٰ مؤلف کے لیے ذریعہ ٔنجات بنائے، اس کتاب میں موجود علمی باتوں سے لوگوں کو فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور آخرت میں مؤلف کے نیک کاموں میں اس کا شمار کرے ۔ آمین ۔
عبد اللہ بن سلیمان المنیع
ممبر کبار علماء کمیٹی؍ مملکت سعودیہ
[1] ) صحیح مسلم ، کتاب الایمان، حدیث:۵۵/۱۹۶۔