کتاب: سیرت ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا - صفحہ 59
پہلا باب:
ام المؤمنین سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا تعارف
پہلا مبحث: .... نام و نسب
ام المؤمنین سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا ، اللہ تعالیٰ کے خلیل سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی محبوب ترین بیوی صدیقہ بنت صدیق، امام اکبر ابوبکر صدیق رضی ا للہ عنہما کی بیٹی ہیں جو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نائب تھے۔[1]
ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا نام و نسب:
نام عبداللہ، کنیت ابوبکر اور لقب صدیق رضی اللہ عنہ ہے۔ ان کے والد کا نام عثمان، کنیت ابوقحافہ ہے جو فتح مکہ کے موقع پر اسلام لائے۔
عبداللہ بن عثمان بن عامر بن عمرو بن کعب بن سعد بن تیم بن مرہ بن کعب بن لؤی بن فہر بن مالک بن کنانہ ، قریشی، تیمی ، مکی پھر مدنی ہیں ۔ [2]
٭٭٭
[1] وہ عبداللہ بن عثمان بن عامر ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ قرشی و تیمی ہیں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ میں بھی آپ کے نائب ہوتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات طیبہ کے بعد بھی آپ کے نائب بنے۔ آپ کی ہجرتِ مبارکہ میں آپ کے ہمراہ تھے۔ مردوں میں سب سے پہلے اسلام لانے و الے اور تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے علی الاطلاق و بالاتفاق افضل تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زبانِ اقدس سے ان کی زندگی میں ہی انھیں جنت کی بشارت دے دی۔ وہ ۱۳ھ میں فوت ہوئے۔ (فضائل ابوبکر الصدیق لابی طالب محمد بن علی الحربی۔ الاستیعاب، لابن عبدالبر، ج۱ ، ص: ۲۹۴)
[2] الطبقات الکبریٰ لابن سعد، ج۸، ص:۵۸۔ اسد الغابۃ لابن الاثیر، ج۷، ص ۱۸۶۔ سیر أعلام النبلاء للذہبی، ج ۲، ص: ۱۳۵۔