کتاب: سیرت ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا - صفحہ 20
قیامت تک ان عظیم ہستیوں کا نامہ اعمال نیکیوں سے بھرتا رہے۔ جب لوگ ان پاک باز ہستیوں پر بہتان تراشی یا لعن طعن کرتے ہیں تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا نامہ اعمال نیکیوں سے مزید وزنی ہوتا جاتا ہے اور اُن کے درجات مزید بلند ہو جاتے ہیں ۔
ستاروں کی طرف کسی بدبخت انسان کے تھوکنے سے نہ تو ستارے ماند پڑتے ہیں اور نہ ہی ڈوبتے ہیں ۔ وہ آج تک ویسے ہی چمک دمک رہے ہیں جیسے شروع دن سے چمکتے تھے اور تھوک تو واپس تھوکنے والے کے منہ پر ہی گر جاتا ہے۔
کتاب کی خصوصیات
یہ کتاب سیکڑوں مقالہ جات کا نچوڑ ہے۔ عرب کے مشہور و معروف علماء و اکابر مشائخ کی ایک کمیٹی نے اسے سر انجام دیا ہے۔ مقابلہ کے لیے منتخب مقالات پر تدقیق و تنقیح کا عمل بھی اسی کمیٹی کی کاوش ہے۔اس کام کے لیے پانچ سو پچاس مصادر و مخطوطات سے مدد لی گئی ہے۔ یہ سارا فضل و احسان یقیناً اللہ سبحانہ کا ہی ہے۔
سیرتِ عائشہ رضی اللہ عنہا کے تمام پہلوؤں کا احاطہ۔ سیّدہ کے علمی مقام و مرتبہ ، دعوتی کارہائے نمایاں اور آپ کی ذات پر جھوٹے اور من گھڑت عیوب کا ردّ اور بطلان اس کتاب کا خاصہ ہے۔ کتاب میں موجود حدیث و آثار کی مکمل تخریج و تحقیق کا اہتمام، لغت کی کتابوں کے مطابق مشکل الفاظ کے معانی اور احادیث وغیرہ کی شرح تحریر کر دی۔
اس کے ساتھ ساتھ قارئین کے افادہ کے لیے جہاں بھی پہلی بار کسی معروف شخصیت کا نام اور تذکرہ آیا ان کا مختصر تعارف و حالاتِ زندگی تحریر کردیے گئے ہیں ۔لیکن اسانید میں وارد راویوں ، جرح و تعدیل کے ضمن میں مذکور اشخاص یا جن کا تذکرہ ضمناً کسی حوالے سے آیا ، یا جو ہمارے ہم عصر ہیں ، ان کے حالات طوالت کے خوف سے نہیں لکھے گئے۔ہمیں اللہ رب العزت سے بھر پور اُمید ہے کہ وہ اسے ضرور قبولیت بخشے گا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ کے مقام و مرتبہ کو پیش کرنے اور بہتانوں کا ردّ کرنے کی نیکی کا اجر ضرور عطا فرمائے گا۔ آخر میں ، میں اتنے عمدہ اور علمی انسائیکلو پیڈیا کو پیش کرنے پر جملہ معاونین و مترجم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ۔ اللہ ہم سب کے لیے اس کتاب کو نجات کا ذریعہ بنا دے۔ آمین یا رب العالمین
آخر میں ، میں کتاب پر نظر ثانی کرنے کے لیے بھائی عمر فاروق قدوسی اور محترم عطاء الرحمن (استاذ جامعہ محمدیہ ، لوکو ورکشاپ، لاہور) کا انتہائی ممنون ہوں کہ جن کی کوششوں سے کتاب مزید بہتر ہو گئی۔
آپ کا بھائی
ابو ابراہیم ابراہیم