کتاب: سیرۃ ابراہیم عمل کے آئینے میں - صفحہ 12
سچ تو یہ ہے کہ اس ڈھب پر کسی نے راہوار فکر کو ڈالا ہی نہیں بلا مبالغہ یہ اولیت ہمارے برادر اور رفیق کار فاضل بھائی شیخ آصف عباس صاحب کو ہے موصوف بہت ساری خوبیوں سے آراستہ اور اس معصیت زدہ دور میں اسلاف کی یاد ہیں۔ کتاب کے متعلق جتنی انہوں نے محنت، عرق ریزی، شبانہ روز کاوش اور مطالعہ کیا مجھ سے مخفی نہیں اوراثنائےمطالعہ کتاب انشاءاللہ قاری پر بھی آشکار ہوجائے گی۔ کتاب نہایت وقیع سیرت ابراہیم علیہ السلام کے موضوع پر لکھی جانے والی کتب میں ایک خوشگوار اضافہ ہے۔ مسائل کے اخذواستنباط کے پہلو سے تو اسے اولیت حاصل ہے اور آئندہ بفضل خدا سنگ اساس ثابت ہوگی ۔ محترم بھائی کے بار بار اصرار بلکہ حکم پر اس ہیچمند نے اس حسین مرقع اور تابندہ کاوش کو بنظر غائر پڑھا اور چند مقامات پر اپنی حقیر رائے دینے کی جسارت بھی کی جو کہ حوصلہ افزائی کے طور پر قبول فرما لی گئی ۔ کتاب واقعی اس فارسی شعر کی مصداق ہے عطر آں باشد کہ خود ببوید نہ کہ عطار بگوید خداوندِ قدوس سے دعا ہے کہ اس محنت کو شرف قبولیت سے نوازے اور یوم حساب مؤلف اور جمیع معاونین کو اجر و ثواب عطا فرمائے (آمین) محمد عبداللہ سلیم ۔ ایم ۔ اے مدرس جامعہ امام بخاری مقام حیات سرگودھا