کتاب: سیدنا عمر بن عبدالعزیز شخصیت اور کارنامے - صفحہ 22
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَقُولُوا قَوْلًا سَدِيدًا O يُصْلِحْ لَكُمْ أَعْمَالَكُمْ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ ۗ وَمَن يُطِعِ اللَّهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِيمًا (الاحزاب: ۷۰۔۷۱) ’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! اللہ سے ڈرو اور بالکل سیدھی بات کہو۔وہ تمھارے لیے تمھارے اعمال درست کر دے گا اور تمھارے لیے تمھارے گناہ بخش دے گا اور جو اللہ اور اس کے رسول کی فرماں برداری کرے تو یقینا اس نے کامیابی حاصل کرلی، بہت بڑی کامیابی۔‘‘ اے میرے پروردگار! سب تعریفوں کے لائق تو ہی ہے جو تیرے چہرے کے جلال اورتیری عظیم سلطنت کے شایان شان ہوں ۔ اور حمد تیرے ہی لیے ہے یہاں تک کہ تو راضی ہوجائے اور جب تو راضی ہو جائے تب بھی حمد تیرے لیے ہے اور تیرے راضی ہوجانے کے بعد بھی حمد تیرے ہی لیے ہے۔ امابعد! قارئین کرام! جو کتاب آپ کے ہاتھوں میں ہے دراصل یہ ’’خلافت امویہ‘‘ کا ایک جز ہے۔ جو خلافت امویہ کے اصلاحی عہد کے بارے میں ہے۔ میں نے اس کتاب میں مصلح کبیر، مجدد شہیر، سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کی حیات، سیرت طلب علم اور ان کی مبارک زندگی کے اہم اعمال کے بارے میں گفتگو کی ہے۔ ولید اور سلیمان کے ادوار پر قدرے روشنی ڈالنے کے بعد سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کی خلافت وبیعت، اور خلافت امویہ کے نظم کو چلانے کی بابت ان کے منہج، شوریٰ کے اہتمام، عدل، رد مظالم کی بابت ان کی سیاست، سب ظالم والیوں کے معزول کرنے، موالی اور اہل ذمہ پر سے ظلم ہٹانے، اہل سمر قند کو انصاف دالونے اور خلافت میں آزادیوں کے فراہم کرنے کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی ہے، جیسے نظریے کی آزادی، عقیدے کی آزادی، سیاست و شخصیت کی آزادی، کسب تجارت کی آزادی وغیرہ۔ اس کتاب میں میں نے سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کی اہم صفات پر بھی روشنی ڈالی ہے، جیسے خوف الٰہی کی شدت، تواضع، زہد وورع، حلم وبردباری، عفوودرگزر، صبرو برداشت، حزم واحتیاط، عدل وانصاف، دعا والحاح اور مستجاب الدعاء ہونا وغیرہ۔ جناب سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ نے جوتجدیدی واصلاحی کام کیے ان کے آثار پر بھی گفتگو کی ہے جیسے شوریٰ قائم کرنا، حکومت میں عدل کرنا، امانت دار افسران کو امور خلافت تفویض کرنا وغیرہ۔ اسی طرح امربالمعروف اور نہی عن المنکر کے مبدأ اور عدل کے مبدأ کا احیاء اور سیّدنا عمر رحمہ اللہ کے مجدد ہونے کی شرائط پر