کتاب: سیدنا عمر بن عبدالعزیز شخصیت اور کارنامے - صفحہ 20
آپ کسی تعارف کے محتاج نہیں کیونکہ آپ کا تعلق خاندانِ فاروق اعظم رضی اللہ عنہ سے تھا اور آپ کی خلافت ’’خلافت اُمویہ‘‘ کا اہم حصہ تھی۔ آپ مصلح کبیر، مجدد شہیر، خوفِ الٰہی سے آراستہ، تواضع، زہد و ورع، حلم و بردباری، عفو و درگزر، صبر و برداشت، حزم و احتیاط، عدل و انصاف کے خوگر اور پیکر تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ مستجاب الدعوات بھی تھے۔ سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ نے اپنے ڈھائی سالہ دورِ خلافت میں مسلمانوں اور بالخصوص غریبوں ، لاچار و بے کس انسانوں کی خدمت کی ۔ جس کی بنا پر آپ کی رعایا آپ سے بے حد خوش تھے اور آپ کی لمبی زندگی کی دُعا کیا کرتے تھے۔ آپ نے رفاہِ عامہ کے اُمور اور درس و تدریس کی خود نگرانی کی۔ قضا اور بیت المال جیسے شعبوں کی دیکھ بھال کی، جس کا مشاہدہ آپ کتاب کے مطالعہ سے بخوبی کر سکیں گے۔ ان شاء اللہ یہ کتاب بھی الحمد للہ ’’مکتبہ الفرقان‘‘ کی طرف سے عوام الناس کے لیے بیش قیمت سرمایہ اور یقینا کسی تحفہ سے کم نہیں ۔ اللہ تعالیٰ تمام اراکین ادارہ اور معاونین کو جزائے خیر سے نوازے اور اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت بخشے اور سب کے لیے توشہ آخرت بنائے۔ آمین دعاؤں کا طلب گار عبدالجلیل ابو ساریہ ریاض ، سعودی عرب ٭٭٭