کتاب: سیدنا عمر بن عبدالعزیز شخصیت اور کارنامے - صفحہ 165
زندگی پوری ہوجائے اور رب تعالیٰ جن وانس کو ان کے کیے کاایسی جگہ بدلہ دے جہاں نہ تو کئی فدیہ مقبول ہوگا اور نہ کوئی حیلہ کام ہی آئے گا اس دن سب پوشیدہ راز ظاہر ہو جائیں گے۔ شفاعتیں باطل ہوجائیں گی اور سب لوگ اپنے اعمال کے ساتھ لوٹیں گے۔ اور وہاں سے مختلف جماعتوں میں بٹ کر اپنی اپنی منزل کی طرف چل دیں گے پس اس دن ان لوگوں کو مبارک جو اللہ کی اطاعت کرتے ہیں ، اور ہلاکت ہے ان لوگوں کے لیے جو اللہ کے نافرمان ہیں ۔ [1]
سیّدناعمربن عبدالعزیز رحمہ اللہ سے مروی آ ثار اس بات پر دلالت کرتے ہیں کہ آپ کا معاد، بعث اور نشور پر اور اس بات پر پختہ ایمان تھا کہ رب تعالیٰ روز آخرت میں سب مخلوقات کو جمع کریں گے اوران میں ان کے اعمال کے مطابق فیصلہ کریں گے اور وہ دن کافروں پر بڑا سخت ہوگا۔ بے شک آخرت پر ایمان اسلام کے اہم اور ممتاز عقائد میں سے ہے۔ قرآن کریم نے آخرت پر ایمان کو کئی اسالیب سے بیان کیا ہے۔ چنانچہ تصریح و تاکید سے بھی کام لیا ہے اور تلمیح و اشارہ سے بھی۔ رب تعالیٰ نے قرآن کریم کی متعدد آیات میں قیامت پر ایمان لانے کے وجوب کوبیان کیا ہے اورجو لوگ حشرِ اجساد کا انکار کرتے ہیں ان کے سامنے ایسے عقلی دلائل بیان کیے ہیں جس سے انکار کی ہر گز گنجائش نہیں اور منکروں کو بھی یا تو وہ دلائل ماننے پڑے یا پھر محض عناد کی بنا پر انہوں نے ان دلائل کا انکار کردیا۔[2]ذیل میں چند آیات اس سے متعلقہ ذکر کی جاتی ہیں ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
{اَللّٰہُ یَبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ یُعِیْدُہٗ ثُمَّ اِلَیْہِ تُرْجَعُوْنَ} (الروم:۱۱)
’’اللہ خلق کی ابتدا کرتا ہے، پھر اسے دوبارہ بنائے گا، پھر تم اسی کی طرف لوٹائے جائو گے۔ ‘‘
اور فرمایا:
{ثُمَّ اِِنَّکُمْ بَعْدَ ذٰلِکَ لَمَیِّتُوْنَ o ثُمَّ اِِنَّکُمْ یَوْمَ الْقِیٰمَۃِ تُبْعَثُوْنَ }
(المومنون:۱۵۔۱۶)
’’پھر اس کے بعد تم مر جاتے ہو۔ پھر قیامت کے دن تم اٹھا کھڑے کیے جائو گے۔‘‘
اور منکرین بعث کے بار میں فرمایا:
{اَوَلَمْ یَرَ الْاِِنْسَانُ اَنَّا خَلَقْنَاہُ مِنْ نُّطْفَۃٍ فَاِِذَا ہُوَ خَصِیْمٌ مُّبِیْنٌ o وَضَرَبَ لَنَا مَثَلًا وَّنَسِیَ خَلْقَہٗ قَالَ مَنْ یُّحْیِ الْعِظَامَ وَہِیَ رَمِیْمٌo قُلْ یُحْیِیْہَا الَّذِیْ اَنْشَاَہَا اَوَّلَ مَرَّۃٍ وَّہُوَ بِکُلِّ خَلْقٍ عَلِیْمٌ} (یٰس:۷۷۔۷۹)
[1] سیرۃ عمر لابن الجوزی،ص: ۱۵۵۔۱۱۶
[2] الآثار الواردۃ: ۱/۴۵۱