کتاب: سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے - صفحہ 334
"مجھ سے صرف مومن ہی محبت کرے گا، اور صرف منافق ہی بغض و نفرت کرے گا۔"
٭ ابو اسحاق سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ ایک آدمی کو براء رضی اللہ عنہ سے یہ پوچھتے ہوئے میں نے سنا کہ کیا علی رضی اللہ عنہ غزوہ بدر میں شریک ہوئے تھے؟ تو انہوں نے جواب دیا: خوب جم کر لڑے، دو زرہیں پہنے تھے۔
٭ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم حراء پر تھے، آپ کے ساتھ ابوبکر، عمر، عثمان، علی، طلحہ اور زبیر رضی اللہ عنھم بھی تھے۔ اچانک پتھر کی چٹان جس پر سب تھے ہلنے لگی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((اهدأ فما عليك إلا نبي أو صديق أو شهيد)) [1]
"ٹھہر جا! تیرے اوپر نبی ہے، یا صدیق، یا شہید ہے۔"
٭ سعید بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
((النبي في الجنة، وأبوبكر في الجنة، و عمر في الجنة، و عثمان في الجنة، و علي في الجنة، و طلحة في الجنة، والزبير في الجنة، و عبدالرحمٰن بن عوف في الجنة، و سعد في الجنة ولو شئت أن أسمي العاشر)) [2]
"نبی جنت میں ہوں گے، ابوبکر جنت میں ہوں گے، عمر جنت میں ہوں گے، عثمان جنت میں ہوں گے، علی جنت میں ہوں گے، طلحہ جنت میں ہوں گے، زبیر جنت میں ہوں گے، عبدالرحمٰن بن عوف جنت میں ہوں گے، سعد جنت میں ہوں گے، اگر چاہوں تو دسویں شخص کا بھی نام لے لوں۔"
٭ سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
((من سب عليا فقد سبني)) [3]
"جس نے علی کو گالی دی اس نے مجھے گالی دی۔"
٭ابن عمر رضی اللہ عنہ کے پاس ایک آدمی آیا، اور عثمان رضی اللہ عنہ کے اخلاق و عادات کے بارے میں آپ سے پوچھنے لگا۔ آپ نے ان کے محاسن کا تذکرہ کیا، اور پھر مخاطب سے کہا: شاید تمہیں یہ بات ناگوار گزر رہی ہے، اس نے کہا: ہاں۔ آپ نے فرمایا: اللہ تمہیں ذلیل کرے۔ پھر اس نے علی رضی اللہ عنہ کے بارے میں پوچھا۔ آپ نے ان کے بھی محاسن کا تذکرہ کیا، اور فرمایا: یہ وہی علی ہیں جن کا گھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بہترین گھروں میں سے تھا۔ پھر کہنے لگے: شاید تمہیں یہ بات ناگوار گزرتی ہے، اس نے کہا: ہاں، آپ نے فرمایا: اللہ تمہیں ذلیل کرے، جا جو بگاڑ سکے بگاڑ لے۔ [4]
[1] الصحيح المسند في فضائل الصحابة ص (112)
[2] الصحيح المسند في فضائل الصحابة ص (117)یہاں دسویں شخص سے خود سعید بن زید رضی اللہ عنہ ہیں۔ (مترجم)
[3] الصحيح المسند في فضائل الصحابة ص (117)
[4] الصحيح المسند في فضائل الصحابة ص (140)