کتاب: سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے - صفحہ 166
پھر پوچھا گیا: مردوں میں سے؟ آپ نے جواب دیا: ان کے باپ (ابوبکر)۔[1] ان دونوں احادیث میں کوئی تعارض نہیں ہے، کیوں کہ علی اور فاطمہ رضی اللہ عنہما کے سب سے زیادہ محبوب ہونے کا مطلب ہے کہ آپ کے اہل بیت میں عورتوں میں فاطمہ رضی اللہ عنہا اور مردوں میں علی رضی اللہ عنہ سب سے زیادہ محبوب ہیں۔ ابن العربی اس حدیث کی تشریح میں لکھتے ہیں:
’’تمام مردوں میں ابوبکر رضی اللہ عنہ ، بیویوں میں عائشہ رضی اللہ عنہا اوراپنے اہل میں فاطمہ رضی اللہ عنہا عورتوں میں سے، اور علی رضی اللہ عنہ مردوں میں سے، اللہ کے رسول کے صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب تھے، محبت کی اسی ترتیب و درجہ بندی سے تمام روایات کا اشکال ختم ہوجاتا ہے۔‘‘[2]
8۔ لب و لہجہ کی صداقت:
امام حاکم اپنی سند سے عائشہ رضی اللہ عنہا تک روایت نقل کرتے ہیں کہ جب آپ فاطمہ بنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر کرتیں تو کہتیں: میں نے ان کے والد کے علاوہ ان سے بہتر خوش گفتار کسی کو نہ دیکھا۔[3] اس روایت میں فاطمہ کی منقبت بالکل صاف نظر آرہی ہے۔ یہی عائشہ، فاطمہ رضی اللہ عنہا کے بارے میں کہتی ہیں: وہ اپنی شکل و صورت، چال، ڈھال اور حسن حال میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بہت مشابہ تھیں، اسی طرح صدق گوئی میں بھی ان کا لب و لہجہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جیسا تھا۔[4]
9۔ دنیا و آخرت کی سرداری:
متعدد صحیح احادیث میں وارد ہے کہ دنیا و آخرت دونوں جگہ آپ کو سیادت نصیب ہوگی، چنانچہ انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((حَسْبُکَ مِنْ نِسَائِ الْعَالَمِیْنَ مَرْیَُم بِنْتُ عِمْرَانَ، وَ خَدِیْجَۃُ بِنْتُ خُوَیْلِدٍ، وَ فَاطِمَۃُ بِنْتُ مُحَّمَدٍ، وَ آسِیَۃُ امْرَأَۃُ فِرْعَوْنَ۔))[5]
’’خواتین دنیا میں سے مریم بنت عمران، خدیجہ بنت خویلد، فاطمہ بنت محمد اور فرعون کی بیوی آسیہ کی فضیلت پر بس ہے۔‘‘
سیّدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((فَاطِمَۃُ سَیِّدَۃُ نِسَائِ أَہْلِ الْجَنَّۃِ، إِلَّا مَا کَانَ مِنْ مَرْیَمَ بِنْتِ عِمْرَانَ۔))[6]
[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر (4358)۔
[2] عارضۃ الأحوذی (13/247 تا 248) ان سب تاویلات کی چنداں ضرور نہیں کیوں کہ یہ روایت ہی ناقابل اعتبار ہے اور پھر کیا سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا اہل بیت سے خارج ہیں؟ کیا بیویاں اہل بیت میں داخل نہیں ہیں؟ کہ یہ تفریق کی جائے کہ اہل بیت میں سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا اور بیویوں میں سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا محبوب، جب کہ بخاری کی روایت میں مطلقاً سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کو محبوب ترین اور مردوں میں مطلقاً ابوبکر رضی اللہ عنہ کو محبوب ترین قرار دیا گیا ہے۔ (مترجم)
[3] المستدرک (3/161160) یہ حدیث صحیح ہے اور مسلم کی شرط پر ہے۔
[4] العقیدۃ فی اہل البیت ص (136)۔
[5] فضائل الصحابۃ (2/755) حدیث نمبر (1325) شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ نے اس کو صحیح کہا ہے، دیکھئے: مشکاۃ المصابیح (3/745)
[6] فضائل الصحابۃ، حدیث نمبر (1332) اس کی سند ’’حسن لغیرہ‘‘ ہے۔