کتاب: امام العصر سماحۃ الشیخ علامہ ابن باز رحمہ اللہ - صفحہ 46
’’ قصب السکر شرح نظم نخبۃ الفکر لابن حجر‘‘ و صاحبِ مؤلفاتِ کثیرہ۔ 47۔ ڈاکٹر شیخ عبد المحسن بن حمد العباد سابق نائب رئیس (وائس چانسلر) مدینہ یونیورسٹی، مدرس مسجد نبوی، مولف کتب کثیرہ، مسجد نبوی میں صحیح بخاری، مسلم، ابو داود، ترمذی اور نسائی درساً پڑھا چکے ہیں اور ابن ماجہ پڑھا رہے ہیں اور اس کی تکمیل کی تمنا رکھتے ہیں،اللہ اس ’’عالمِ مدینہ‘‘ کی تمنّائیں پوری کرے۔ ان کے فرزند ڈاکٹر عبد الرزاق البدر بھی معروف سعودی عالم ہیں اور سعودی عرب کے قرآن ریڈیو ’’إذاعۃ القرآن الکریم‘‘ سے ان کے دروس نشر ہوتے رہتے ہیں اورکئی کتابوں کے مولف ہیں۔ 48۔ شیخ منصور بن حمد المالک، نائب رئیس دیوان المظالم، معروف عالمِ دین۔ 49۔ شیخ محمد امان علی الجامی رحمہ اللہ،افریقی الاصل سعودی نیشنل، مدرس جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ، مدرس مسجدِ نبوی، تیس سال تک کتبِ عقیدہ کی تعلیم دیتے رہے، راقم الحروف کی طالبِ علمی کے زمانے میں چند سالوں کے لیے جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں مبعوث کی حیثیت سے مدرس رہے، راقم کو نہ صرف شرفِ زیارت بلکہ شرفِ تلمّذ بھی حاصل ہے۔ ’’الصفات الالٰہیۃ‘‘ و ’’الأسماء و الصفات‘‘ اور دیگر کئی کتب کے مصنف، ۱۴۱۶ھ میں مدینہ منورہ میں وفات پائی۔ 50۔ شیخ ابو بکر جابر الجزائری، مدرس مسجدِ نبوی، دعوت و تبلیغ کے لیے کثیر السفر، متعدد کتب کے مؤلف، آج کل ان کی کتاب ’’منہاج المسلم‘‘ کا اردو ترجمہ ار دودان طبقہ سے خراج تحسین لے رہا ہے۔ جس کا ترجمہ ’’اسلامی طرزِ زندگی’‘کے نام سے مولانا محمد رفیق اثری (ملتان)نے کیا ہے اور دارالسلام الریاض نے اپنے معروف معیاری انداز سے اسے چھاپا ہے۔