کتاب: امام العصر سماحۃ الشیخ علامہ ابن باز رحمہ اللہ - صفحہ 18
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ امتِ مسلمہ کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔ نیز ہماری اس محنت کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور ہماری لختِ جگر آنسہ نبیلہ قمر اور نادیہ قمر کو بیش از پیش توفیق خیر سے نوازے جنھوں نے ہمارے اس مسودے کو نہ صرف مرتّب کیا بلکہ کمپوز بھی کردیا ہے۔ فَجَزَاہُمَا اللّٰہُ خَیْراً فِي الدُّنْیَا وَ الْآخِرَۃِ
اسی طرح محترم بھائی جناب ابو عمران جاوید نذیر صاحب (الخبر) کا بھی شکرگزار ہوں جن کے تعاون سے یہ کتاب آپ کی خدمت میں پیش کی جارہی ہے۔ بَارَکَ اللّٰہُ فِيْ أَہْلِہٖ و َمَالِہٖ وَ أَعْمَالِہٖ الصَّالِحَۃِ۔
کتاب پریس میں جانے کے لیے تیار تھی کہ علامہ ابن ِ باز رحمہ اللہ سے گہرے مراسم اور رشتۂ تلمذ رکھنے والے ہمارے فاضل دوست جناب ڈاکٹر محمد لقمان سلفی صاحب (الریاض) سے رابطہ ہوا اور اُن سے مسوّدہ پر نظر ثانی کرنے اور اس کا مقدمہ لکھنے کے لیے کہا گیا تو انھوں نے بکثرت علمی مصروفیات کے باوجود مسوّدہ دیکھنے کا وعدہ فرمایا،اور محض ایک سرسری و طائرانہ نظر ڈال کر چند مفید مشورے اور معلومات مہیّا فرمائیں جن میں سے بعض پر عمل کیا گیا ہے ،اور بعض کے لیے متعلقہ افراد سے تا حال رابطہ نہ ہوسکنے کی بنا پر انھیں آئندہ ایڈیشن پر ڈال دیا گیا ہے۔تب تک ڈاکٹر صاحب کی باریک نظر ثانی اور مفصّل مقدمہ بھی آجائے گا تو اُسے اگلے ایڈیشن میں شامل کر لیں گے، ان شاء اللہ۔کیونکہ بعض احباب اس پہلے ایڈیشن کو اسی شکل میں جلد شائع کردینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
والسلا م علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
ابو حسّان محمد منیر قمر نواب الدین
بروز جمعۃ المبارک ۱۷؍ ۷؍ ۱۴۳۱ ھ =۲۹؍ ۶؍ ۲۰۱۰ء
ترجمان سپریم کورٹ الخبر و داعیہ متعاون بمراکز الدعوۃ و الارشاد
بالدمام و الظہران و الخبرسعودی عرب