کتاب: ثواب کمانے کے مواقع - صفحہ 186
٭اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’بے شک ایک بندہ جب لعنت بھیجتا ہے تو وہ آسمان کی طرف جاتی ہے لیکن آسمان کے دروازے اُس کے سامنے بند کردئیے جاتے ہیں۔پھر وہ زمین کی طرف آتی ہے لیکن زمین کے دروازے بھی اُس کے سامنے بند کردئیے جاتے ہیں۔چنانچہ وہ دائیں بائیں جاتی ہے لیکن جب اسے کوئی راستہ نہیں ملتا تو وہ اُس شخص کے پاس جاتی ہے جس کی طرف بھیجی گئی ہوتی ہے۔اگر وہ اُس کا مستحق ہو تو ٹھیک ورنہ اُس کے پاس واپس لوٹ آتی ہے جس کی زبان سے نکلی ہوتی ہے۔‘‘ [رواہ أبو داؤد وحسنہ الألبانی ] ٭اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:’’اللہ تعالی کے پاس جتنی زیادہ رحمت ہے اگر اس کا کسی کافر کو پتہ چل جائے تو وہ جنت سے کبھی مایوس نہ ہو۔اور اللہ کے پاس جتنا زیادہ عذاب ہے اگر ایک مومن کو اس کا پتہ چل جائے تو وہ کبھی جہنم سے بے خوف نہ ہو۔‘‘[رواہ البخاری ] ٭ایمان کے ساتھ ساتھ عمل صالح کے بارے میں خلاصۂ کلام یہ ہے کہ ہمیں اللہ تعالی نے اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ہے اور اگر ہم اس کی اطاعت وفرمانبرداری کریں تو اس نے ہم سے اچھے بدلے کا وعدہ فرمایا ہے اور اگر ہم اس کی نافرمانی کریں تو اس نے ہمیں اپنی دردناک سزا سے بھی ڈرایا ہے۔لہذا ہم پر واجب ہے کہ ہم سنجیدگی سے ہدایت کی طرف لوٹ آئیں۔اپنی حالت کے بارے میں غور وفکر کریں اور جس طرح ہم اللہ کے حق میں کمی وکوتاہی کرتے ہیں اور کئی چیزوں میں ہم حد سے تجاوز کر جاتے ہیں اور اللہ تعالی کے احکامات کی پرواہ نہیں کرتے