کتاب: ثواب کمانے کے مواقع - صفحہ 149
دور کریں ،یا اس کی طرف سے قرض ادا کردیں ،یا(کھانا کھلا کر ) اس کی بھوک ختم کردیں۔اور مسلمان بھائی کے کسی کام کیلئے اس کے ساتھ چلنا مجھے مسجد میں ایک مہینہ اعتکاف بیٹھنے سے زیادہ محبوب ہے۔اور جو آدمی اپنے غصے پر قابو پا لے اللہ تعالی اس کے عیب پر پردہ ڈل دیتا ہے۔اور جو آدمی غصہ پی جائے حالانکہ اگر وہ چاہتا تو اس کا اظہا ربھی کر سکتا تھا تو اللہ تعالی قیامت کے دن اس کے دل کو خوشی سے بھر دے گا۔اور جو آدمی اپنے بھائی کے کسی کام کیلئے اس کا ساتھ دے یہاں تک کہ اس کا وہ کام پورا ہو جائے تو اللہ تعالی اسے اس دن ثابت قدم رکھے گا جب لوگوں کے قدم پھسل رہے ہونگے۔اور بد اخلاقی عمل کو اس طرح خراب کرتی ہے جیساکہ سرکہ شہد کو خراب کرتا ہے۔‘‘
٭ارشاد نبوی ہے:((مَنْ نَّفَّسَ عَنْ مُؤْمِنٍ کُرْبَۃً مِنْ کُرَبِ الدُّنْیَا نَفَّسَ اللّٰہُ عَنْہُ کُرْبَۃً مِنْ کُرَبِ یَوْمِ الْقِیَامَۃِ،وَمَنْ یَّسَّرَ عَلٰی مُعْسِرٍ یَسَّرَ اللّٰہُ عَلَیْہِ فِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ،وَمَنْ سَتَرَ مُسْلِمًا سَتَرَہُ اللّٰہُ فِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ،وَاللّٰہُ فِیْ عَوْنِ الْعَبْدِ مَا کَانَ الْعَبْدُ فِیْ عَوْنِ أَخِیْہِ))[رواہ مسلم:۲۶۹۹]
’’جو شخص کسی مومن کی دنیاوی پریشانیوں میں سے ایک پریشانی کو ختم کرے اللہ تعالی اس کی اخروی پریشانیوں میں سے ایک پریشانی کو ختم کردے گا۔اور جو شخص کسی تنگدست پر آسانی کرے اللہ تعالی اس کیلئے دنیا وآخرت میں آسانی کرے گا۔اور جو آدمی کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے اللہ تعالی دنیا وآخرت میں اس کی پردہ پوشی کرے گا۔اور اللہ تعالی اس وقت تک بندے کی مدد کرتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد کرتا ہے۔‘‘