کتاب: سلفیت (تعارف وحقیقت) - صفحہ 9
کتاب: سلفیت (تعارف وحقیقت)
مصنف: محمد ناصر الدین البانی رحمۃ اللہ علیہ
پبلیشر: الفرقان ٹرسٹ
ترجمہ: عبدالغفار مدنی
سخن ہائے مترجم
علامہ ناصر الدین البانی رحمۃ اللہ علیہ کی ہمہ گیر شخصیت محتاج تعارف نہیں۔ آپ کے علمی ورثے، تحقیقات ، تعلیمات ، آپ کے تعارف کے لیے کافی ہیں۔ تعارف تو اس شخص کا کرایا جاتا ہے جو گمنام ہو، مگر آپ تو بفضلہ تعالیٰ علم و ہدایت کا آفتاب و ماہتاب تھے۔ کتاب و سنت سے شغف رکھنے والا کون سا ایسا طالب علم ہو گا جو آپ کی شخصیت سے ناواقف ہو۔ آپ عصر حاضر کے محدث کبیر ، مفسر ، کتاب و سنت کے داعی ، منہج سلف کے علمبردار تھے ۔ از ابتداء تا دمِ حیات حدیث کی تحقیق و تخریج آپ کا محبوب مشغلہ تھا۔ جاتے جاتے صحیح احادیث و ضعیف اور موضوع روایتوں کا الگ الگ کئی جلدوں پر مشتمل ایسا عمدہ مجموعہ اُمت کو دیے گئے کہ اُمت کا کوئی صاحب علم و تحقیق ان سے مستغنی نہیں ہو سکتا، اور جس لائبریری میں علا مہ ابن تیمیہ، علامہ ابن القیم، علامہ ابن بازاور علامہ ناصر الدین البانی رحمہم اللہ کی تالیفات نہ ہوں۔ وہ لائبریری ناقص اور ادھوری سمجھی جاتی ہے۔ یقینا آپ ہی جیسی مخلص اور منیب الی اللہ شخصیت محدث کہلانے کی مستحق تھی۔ آپ کی حیات مبارکہ صرف تحقیق و تخریج تک ہی محصور نہیں تھی بلکہ عوامی سطح پر ان کی دینی و علمی پیاس بجھانے کے لیے دروس کا سلسلہ بھی جاری کیا جس سے نہ صرف عوام الناس کا طبقہ مستفید ہوتا بلکہ جامعات کے بڑے بڑے طلباء، اساتذہ اور اصحابِ فکر و نظر استفادہ کرتے تھے۔ آپ کے دروس اور محاضرات لغو اور بے جا قیل و قال سے بعید تر تحقیق کا مرقع اور دلائل سے پر ہوتے تھے۔
آپ نے ہمیشہ منہج سلف کو اُجاگر کرنے کی کوشش کی۔ تقلید شخصی ، مذہبی تعصب ، فکری جمود ، بے جا اور رکیک تاویلات، باطل افکار و نظریات نے مل کر مسلمانوں کو اسلام کی حقیقی