کتاب: صحیح دعائیں اور اذکار - صفحہ 31
صبح و شام کی دعائیں اور اذکار حضرت ابی راشد حبرانی سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں : میں عبد اللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کے پاس آیا، اور آپ سے عرض کیا: ہم سے کوئی ایسی حدیث بیان کیجیے جو کہ آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہو۔ آپ نے ہماری طرف ایک صحیفہ بڑھا دیا،اورفرمایا:یہ وہ صحیفہ ہے جو ہمارے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تحریر فرمایا ہے۔ (راوی ) کہتا ہے: ’’ میں نے اس میں دیکھا تو اس میں لکھا ہوا تھا: حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا : ’’یارسول اللہ ! مجھے ایسے کلمات سکھائیے جو میں صبح وشام ذکر کیا کروں ؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ اے ابو بکر! کہو: اللَّهمَّ عالِمَ الغيبِ والشَّهادةِ فاطرَ السَّمواتِ والأرضِ ربَّ كلِّ شيءٍ ومليكَه أشهَدُ أنْ لا إلهَ إلّا أنتَ أعوذُ بكَ مِن شرِّ نفسي ومِن شرِّ الشَّيطانِ وشِرْكِه وأن أقترِفَ على نفسي سُوءًا أو أجُرَّه إلى مسلمٍ[1] ’’ اے اللہ ! جاننے والے غیب اور حاضر کے، پیدا کرنے والے، آسمانوں اور زمین کے! رب ہر چیز کے اور اس کے مالک! میں گواہی دیتا ہوں کہ نہیں ہے کوئی معبود سوائے تیرے، میں تیری پناہ میں آتا ہوں ، اپنے نفس کے شر سے اور شیطان کے شر سے اور اس کے شرک سے اور اس بات سے کہ ارتکاب کروں اپنے ہی خلاف کسی برائی کا یا اسے کھینچ لاؤں کسی مسلمان کی طرف۔‘‘
[1] ابوداؤد:۵۰۸۳۔ ترمذی: ۳۳۹۲۔ صحیح الترمذی: ۳؍۱۴۲۔