کتاب: صحیح دعائیں اور اذکار - صفحہ 17
کتاب کی ترتیب میں طریقہ کار:
٭ ایسی صحیح احادیث کو جمع کیا گیا ہے جو دعاؤں اور اذکار کے ضمن میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہیں ۔ جس میں ہر حدیث کو ایک عنوان دیا گیا ہے تاکہ قاری کے سمجھنے میں آسانی ہو۔
٭ نص حدیث یعنی حدیث کی عبارت کو اصل کے ساتھ موازنہ کرکے لکھا گیا ؛( جس سے غلطی کے امکانات کی راہیں مسدود ہوگئی ہیں )۔ اور اس کے ساتھ ہی مشکل الفاظ کے معانی کو بھی بیان کردیا گیا ہے۔ ساتھ ہی شرح بھی بیان کی گئی ہے۔(اس حدیث کے متعلق ) بڑے بڑے علماء کرام کی آراء ذکر کی ہے۔ اور پھرآخر میں حدیث سے حاصل ہونے والے فوائد بھی بیان کیے گئے ہیں ۔
٭ قرآنی آیات لکھتے وقت سورت کا نام اور آیت نمبر بھی ساتھ ہی لکھ دیے ہیں ۔
٭ احادیث مبارکہ کو ان کے اصل مصادر کے حوالہ سے تحریر کیا ہے۔ وہ احادیث جو کہ بخاری ومسلم میں ہیں ان کی صحت کے لیے تو یہی کافی ہے کہ وہ صحیحین کی روایات میں سے ہیں ، اور جو احادیث صحیحین کے علاوہ ہیں انہیں ان کے اصل مصادر کے علاوہ شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ کی تحقیقات اور ان کی طرف سے لگائے ہوئے حکم کے ساتھ بیان کردیا ہے۔
آخر میں یہی عرض گزار ہوں کہ یہ ایک معمولی سی کوشش ہے جو کہ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے ہی ممکن ہوئی ہے۔ اس میں جو بھی غلطی اورکوتاہی ہے وہ ہماری اور شیطان کی طرف سے ہے۔ اور ہم اللہ تعالیٰ سے بخشش اور معافی کا سوال کرتے ہیں کہ وہ ہماری کوتاہیوں سے صرف نظر کرے۔ وہی ہمارا کارساز اور ہر چیز پر قادر ہے۔ اور ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گوہیں کہ وہ ہماری اس کوشش کو اپنی رضا کے لیے خالص کردے۔وہی اللہ ہے جس کے لیے ہر قسم کی حمد و ثنا ہے، اور درود و سلام ہمارے نبی کریم محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر اور آپ کی آل و اولاد اور صحابہ پر اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتیں نازل ہوں ۔ آمین یا الٰہ العالمین۔