کتاب: صحیح دعائیں اور اذکار - صفحہ 147
اور اس کے تصرف کے تحت ہیں ۔ نماز شروع کرنے کی ایک دوسری دعا حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز کے لیے تکبیر کہتے تو قرأت شروع کرنے سے پہلے کچھ دیر کے لیے خاموش رہتے۔ میں نے پوچھا: یارسول اللہ ! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں ! میں دیکھتا ہوں کہ آپ تکبیر تحریمہ اور قرأت کے درمیان کچھ دیر کے لیے خاموش رہتے ہیں ، (اس وقفہ میں )آپ کیا پڑھتے ہیں ؟ آپ نے فرمایا:میں کہتا ہوں : ((اللَّهُمَّ باعِدْ بَيْنِي وبيْنَ خَطايايَ، كما باعَدْتَ بيْنَ المَشْرِقِ والمَغْرِبِ، اللَّهُمَّ نَقِّنِي مِنَ الخَطايا كما يُنَقّى الثَّوْبُ الأبْيَضُ مِنَ الدَّنَسِ، اللَّهُمَّ اغْسِلْ خَطايايَ بالماءِ والثَّلْجِ والبَرَدِ)) [1] ’’اے اللہ دوری کردے درمیان میرے اور گناہوں کے جیسے دوری پیدا فرمائی تو نے مشرق اور مغرب کے درمیان۔ اے اللہ ! مجھے صاف کردے میرے گناہوں سے جس طرح صاف کیا جاتا ہے سفید کپڑے کو میل کچیل سے۔اے اللہ ! مجھے دھو دے میرے گناہوں سے برف اورپانی او ر اولوں سے۔‘‘ مشکل الفاظ کے معانی : بيْنَ خَطايايَ:…یعنی افعال کے مابین اگر میں ان کا ارتکاب کروں تو وہ خطائیں بن جائیں ۔مقصود گناہوں سے حفاظت اور ان کے ترک کرنے کی توفیق کی طلب ہے۔یا وہ خطائیں مقصود ہیں جن کا ارتکاب ہوچکا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرما دے۔
[1] بخاری :۷۴۴۔ مسلم :۵۹۸۔