کتاب: صحیح دعائیں اور اذکار - صفحہ 146
بیان کرتا ہوں جس میں تیری حمد و تعریف شامل ہو۔
وتباركَ اسمُكَ: …تیرے نام کی خیر و برکت بہت زیادہ ہے، اور تیرا نام اس سے بہت بلند ہے کہ اس میں الحاد کیا جائے۔یا تیرے بتائے ہوئے ناموں کے بغیر تیرا نام اختیار کیا جائے۔ اس لیے کہ تیرے لائق اور شایان شان اسماء کو تیرے علاوہ کوئی نہیں جانتا۔
تعالى جدُّكَ:…تیری عظمت ہر اس عظمت سے بالا وبرتر ہے جس کا تصور کیا جاسکتا ہو۔اور تیری بے نیازی بہت بلند ہے کہ تو کسی کا محتاج ہو۔یا تیری بارگاہ میں کوئی پریشان حال التجاء گزار ہو اور پھر وہ ناکام اور مایوس واپس لوٹے۔
ولا إلهَ غيرُكَ:…اور تیرے علاوہ کوئی بھی معبود برحق نہیں ۔تیرے سوا جتنے بھی ہیں ، وہ تیری مخلوق، تیرے غلام اور تیرے قبضہ میں ہیں ۔
اس طرح کے الفاظ حضرت ابو سعیدخدری رضی اللہ عنہ سے روایت کردہ حدیث میں بھی تہجد کی نماز کے شروع کرنے کے بیان میں بھی وارد ہوئے ہیں ۔ کہ جب آپ تہجد کے لیے تکبیر کہتے تو اس کے بعد یہ دعا پڑھتے:
((سُبحانَكَ اللَّهمَّ وبحمدِكَ وتباركَ اسمُكَ وتعالى جدُّكَ ولا إلهَ غيرُكَ))
اور پھر اس کے بعد تین مرتبہ اللہ اکبر کہتے۔ پھر اس کے بعدفرماتے:
((أعوذُ باللّٰهِ السَّميعِ العَليمِ مِنَ الشَّيطانِ الرَّجيمِ؛ مِن هَمْزِه، ونَفْخِه، ونَفْثِه))
فوائدِحدیث :
٭ اس حدیث میں تکبیر تحریمہ کہنے کے بعد نماز شروع کرنے کی دعا کی تعلیم ہے۔
٭ ہر ایک چیز میں اللہ تعالیٰ سے مدد کی طلب، حتی کہ نماز کے شروع میں بھی۔
٭ اللہ تعالیٰ کے علاوہ جتنی بھی چیزیں ہیں وہ سب اللہ کی مخلوق اور اس کے قبضہ میں ہیں ۔