کتاب: صحیح دعائیں اور اذکار - صفحہ 105
’’ اے مقداد یہ تیری ایک بری عادت ہے‘‘
مراد یہ ہے کہ اے مقداد تونے ایک نامناسب کام کیا ہے، وہ کام کون ساہے ؟ اس پر حضرت مقداد نے آپ کو اس واقعہ کے بارے میں خبر دی۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ یہ اللہ تعالیٰ کی رحمتوں میں سے ایک رحمت ہے کہ بکری کے تھنوں میں بغیر وقت کے اور خلاف عادت دودھ جمع ہوگیا ہے۔ یہ اس کا فضل ہے۔
فوائدِ حدیث:
٭ اس حدیث میں ایسی جگہ پر لوگوں کوسلام کرنے کا ادب بیان ہوا ہے جہاں پر کچھ لوگ سوئے ہوئے ہوں ، اور کچھ لوگ جاگ رہے ہوں تو سلام درمیانہ آواز میں کرنا چاہیے۔
٭ اس حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صبر ؛ حلم، بردباری اور پسندیدہ اخلاق کا بیان ہوا ہے کہ آپ لوگوں کو معاف کرنے والے تھے، ان سے اپنے حق کا مطالبہ نہیں فرماتے تھے۔
٭ یہ دعا احسان کرنے والے، خدمت گار اور نیکی و بھلائی کا کام کرنے والے کو دی جاتی ہے۔
٭ اس حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزہ کا بیان ہوا ہے۔
جب کسی کے گھر میں نیک مہمان آجائیں تو وہ کیا کہے
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ،ایک دن یا ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم باہر نکلے توحضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے بھی ملاقات ہوگئی۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دونوں حضرات سے فرمایا:
’’ اس وقت تمہارا اپنے گھروں سے نکلنے کا سبب کیا ہے؟‘‘
ان دونوں حضرات نے عرض کیا :
’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم !بھوک کی وجہ سے۔‘‘
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: