کتاب: صحیح دعائیں اور اذکار - صفحہ 63
٭ اس کے نامہ اعمال میں سو نیکی لکھ دی جاتی ہے۔ ٭ اس کے سو گناہ معاف کردیے جاتے ہیں ۔ ٭ اس کے لیے شیطان کے شر سے حفاظت کا سامان ہوجاتا ہے۔ ٭ کوئی انسان اس سے بڑھ کر افضل عمل نہیں کرسکتا سوائے اس کے جو یہ کلمات زیادہ تعداد میں کہے۔ یہ کلمات کہنے بہت ہی آسان ہیں ۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ آپ فجر کی نماز کا انتظار کرتے ہوئے یہ کلمات کہہ دیں ۔یا مسجد آتے ہوئے راستہ میں کہہ دیے جائیں ۔ یا فجر طلوع ہونے کے بعد یہ کلمات کہیں اور ان سے فائدہ حاصل کریں ۔ ان کلمات کا ورد کرنا ان امور میں سے ہے جن کے بارے میں انسان کو باقاعدگی کے ساتھ اہتمام کرنا چاہیے۔ اوریہ بھی چاہیے کہ دن کے شروع میں یہ کلمات کہہ لے تاکہ وہ پورا دن شیطان کے شر سے محفوظ رہے۔ جب کہ سُبْحانَ اللّٰهَ وبِحَمْدِهِ (اللہ پاک ہے، اور اس کے لیے تعریف ہے) جو انسان یہ کلمات دن میں سوبار کہتا ہے اس کے گناہ مٹا دیے جاتے ہیں خواہ وہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں ۔‘‘چاہیے کہ یہ کلمات دن کے آخر میں کہے جائیں ، تاکہ اس کے دن کے گناہ معاف کردیے جائیں ۔ پس فرصت کے اوقات کو غنیمت سمجھا جائے، اس لیے کہ عمر تیزی سے گزر رہی ہے۔ اور عمر کا جو حصہ گزر چکا ہے وہ کبھی بھی واپس نہیں آسکتا۔ اور یہ اعمال انتہائی معمولی اور آسان ہیں ؛ ان کا عمل بہت تھوڑا ہے ؛ مگر اس پر اجر و ثواب بہت زیادہ ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے سوال کرتے ہیں کہ وہ اپنے ذکر و شکر اور اچھی عبادت کے بجالانے پر ہماری مدد فرمائے ؛ آمین۔ فوائدِ حدیث: ٭ صبح وشام میں ان اذکار کی مشروعیت۔ ٭ اللہ تعالیٰ کاعظیم فضل و ثواب جس کی کوئی حد ہی نہیں ۔