کتاب: صحیح دعائیں اور اذکار - صفحہ 249
فوائدِحدیث:
٭ انسان جب کسی مجلس میں بیٹھے اوراس سے غلطیاں بھی ہوں توان کا کفارہ یہ دعا ہے:
((سبحانك اللهمَّ وبحمدِك أشهدُ أن لا إله إلا أنتَ أستغفرُك وأتوبُ إليك ))
بازار میں داخل ہونے کی دُعا
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے : بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو کوئی بازار میں (داخل ہوتے وقت ) یہ دعا پڑھے :
((لاَ إلَهَ إلاَّ اللّٰهُ وحدَهُ لاَ شريكَ لَهُ لَهُ الملْكُ ولَهُ الحمدُ يحيِ ويميتُ وهو حَيٌّ لا يَموتُ، بيَدِه الخَيرُ، وهو على كلِّ شيءٍ قَديرٌ)) [1]
’’ نہیں کوئی معبود مگر اللہ وہ اکیلاہے، نہیں کوئی شریک اس کا، اسی کی بادشاہت اور اسی کی ہی سب تعریف ہے، وہی زندگی دیتا ہے اور وہی مارتا ہے اور وہ زندہ ہے، نہیں وہ مرتا اسی کے ہاتھ میں سب بھلائی اور وہ ہر چیز پر (کامل) قدرت رکھتا ہے۔‘‘
اللہ تعالیٰ اس کے لیے دس لاکھ نیکیاں لکھ دیتے ہیں ، اور اس کی دس لاکھ غلطیاں معاف کردیتے ہیں ؛ اور اس کے لیے جنت میں ایک گھر بنادیا جاتا ہے۔‘‘
شرح :…(بازار میں داخل ہوتے وقت …): علامہ طیبی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ’’ یہاں ذکر کے لیے بازار کا خاص طور پرنام لیا ہے، اس لیے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی یاد سے غفلت اور تجارت اور دیگر کاموں میں مشغولیت کی جگہ ہے۔یہاں پر شیطان کی حکومت ہوتی ہے۔
[1] صحیح سنن الترمذي :۳۴۲۹۔