کتاب: صحیح دعائیں اور اذکار - صفحہ 23
٭ اپنے گھر، مال،اولاد اور اپنے نفس پر بددعا کرنے سے بچنا۔
٭ دعا میں آواز کوبہت زیادہ بلند نہ کرنا؛بلکہ دھیمہ رکھنا۔
٭ اپنے گناہوں کا اعتراف، اور ان پر توبہ کرنا، اور اللہ تعالی کی نعمتوں کا اعتراف اور ان پر اس کا شکر ادا کرنا۔
٭ بہ تکلف مسجع عبارات (بناوٹی دعاکے الفاظ)استعمال کرنے سے پرہیز کرنا۔
٭ گڑگڑاہٹ، عاجزی، امید، اور خوف سے دعا کرنا۔
٭ توبہ کرتے ہوئے گناہوں کی بخشش طلب کرنا۔
٭ تین تین بار دعا کے کلمات کودھرانا۔
٭ قبلہ رخ ہو کر دعا کرنا۔
٭ دعا میں ہاتھ اٹھانا۔
٭ توبہ کیساتھ جن کا حق مارا ہوا ہے، انہیں ان کا حق واپس کرنا۔
٭ اگر آسانی سے ممکن ہوتو دعا سے پہلے وضو کرلے۔
٭ دعا میں حد سے نہ گزرنا۔
٭ دعا کرنے والا جب دوسروں کے لیے دعا کررہا ہوتووہ اپنے لیے بھی دعا کرے۔
٭ اللہ تعالیٰ کے اسماء حسنی اور صفات عالیہ ؛ یا ایسا کام جو دعا کرنیوالے نے خود کیا ہو؛ اس کے وسیلہ سے ؛ یا پھر کسی زندہ،نیک اور موجود انسان کی دعا کے وسیلہ سے دعا کرے۔
٭ یہ کہ دعا کرنے والے کا کھانا اور پینا حلال کا ہونا چاہیے۔
٭ کسی گناہ کے کام یا قطع رحمی کی دعا نہ کرے۔
٭ یہ کہ نیکی کا حکم دے اور برائی سے منع کرے۔
٭ تمام گناہوں سے بچ کر رہے۔