کتاب: صحابہ کرام اور عقیدہ اہل سنت والجماعت - صفحہ 59
چہارم : جناحیوں کا عقیدہ : یہ لوگ عبد اللہ بن معاویہ بن عبد اللہ بن جعفر بن ابو طالب کے پیروکار ہیں ۔ اس عبد اللہ نے دعوی کیا تھا کہ وہ رب ہے اور وہی نبی ہے۔ پس شیعہ لوگ اس کی عبادت کرنے لگے ۔ یہ لوگ قیامت کا انکار کرتے ہیں ، اور کہتے ہیں کہ دنیا کبھی بھی ختم نہیں ہوگی۔ یہ لوگ مردار ، شراب اور محرم رشتوں کو حلال سمجھتے ہیں ٭۔[1] ان کا یہ بھی دعوی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی روح حضرت آدم علیہ السلام میں تھی۔ پھر ان کے بعد حضرت شیث میں ، اور پھر انبیاء اور آئمہ میں منتقل ہوتے ہوئے آخر کار حضرت علی رضی اللہ عنہ تک پہنچی ۔ پھر ان کے تینوں بیٹوں میں گھومتی رہی؛ پھر [خود ]اس [عبداللہ بن معاویہ]تک آن پہنچی٭۔[2] پنجم : منصوریوں کا عقیدہ : یہ لوگ ابو منصور العلجلی کے پیروکار ہیں ۔ اس کا عقیدہ تھا کہ امامت حضرت علی رضی اللہ عنہ کی اولاد میں گھومتی رہی ، یہاں تک کہ ابو جعفر الباقر پر پہنچ کر ختم ہوگئی۔ اور اس نے اپنے بارے میں دعوی کیا کہ وہ الباقر کا خلیفہ ہے ۔ پھر وہ یہ خیال کرنے لگا کہ اسے آسمانوں کی معراج ہوئی ہے۔ اور یہ کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے ہاتھوں کو چھوا ہے ، اور اس سے کہا ہے : (( اے میرے بیٹے ! میری طرف سے لوگوں تک پہنچاؤ ))۔ [3]
[1] ٭ مقالات الاسلامیین للأشعری ۱/۶۷۔ [2] ٭ الفرق بین الفرق للبغدادي ۲۴۶۔ [3] المصدر السابق ۲۴۳۔