کتاب: صحابہ کرام اور عقیدہ اہل سنت والجماعت - صفحہ 26
’’ جو انسان اللہ تعالیٰ پر او رآخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو، وہ انصار سے بغض نہیں رکھ سکتا ۔‘‘ حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : اس ذات کی قسم ! جس نے دانے کو پھاڑا ؛ اورنفس [جان] کو پیدا کیا !بیشک نبی أمی صلی اللہ علیہ وسلم کامیرے ساتھ یہ عہد ہے ، مجھ سے مؤمن کے علاوہ کوئی محبت نہیں کرے گا۔ اور منافق کے علاوہ کوئی بغض نہیں رکھے گا۔‘‘[1] ان نصوص کی بناپر ؛اور ان کے علاوہ وہ نصوص جو اس معنی میں آئی ہیں ؛ [ان کی بناپر] اہل سنت و الجماعت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام صحابہ رضی اللہ عنہم سے محبت کرتے ہیں اور ان کے درمیان کوئی تفریق نہیں کرتے ۔ اوراسی بات کا انہوں نے اپنے اقوال اور کتب میں حکم دیا ہے ۔ صحابہ کرام سے محبت اور دوستی کی تر غیب پر سلف صالحین کے اقوال سلف ِ صالحین کے اقوال صحابہ کرام سے محبت اور ان سے دوستی کے بارے میں مشہور ہیں ۔ ان میں سے: وہ روایات بھی ہیں جنہیں امام لالکائی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب ’’شرح اصول أعتقاد أہل سنت‘‘ میں علیحدہ ابواب میں ذکر کیا ہے جن میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے وجوباً محبت رکھنے کی ترغیب ہے ۔ ان روایات میں سے: قبیصہ بن عقبہ سے مروی ہے ، آپ فرماتے ہیں : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام صحابہ سے محبت کرنا سنت [ایمان ]ہے ۔‘‘[2]
[1] صحیح مسلم ح:۷۸۔ [2] شرح اصول أعتقاد أہل سنت ۷/ ۱۲۴۰۔