کتاب: صحابہ کرام اور عقیدہ اہل سنت والجماعت - صفحہ 23
پہلی بحث: اہل سنت والجماعت کی تمام صحابہ رضی اللہ عنہم سے محبت وجوب ِمحبت ِصحابہ پرنصوص کی دلالت اہل ِ سنت والجماعت کے اصولوں میں سے ایک : نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت کی جائے ؛ ان سے دوستی رکھی جائے ، اور ان کے لیے اللہ تعالیٰ کی رضا مندی کی دعا کی جائے۔ان کے لیے استغفاراور دعاء مغفرت کی جائے۔ اور امت کے جتنے لوگ بھی ان کے بعد آئے ہیں ؛ ان پر ان کی فضیلت کا اعتقاد رکھا جائے ۔ نواصب اور روافض کے ہر اس آدمی سے برأت اور بیزاری کا اعلان کیا جائے ، جو ان ستودہ صفات لوگوں سے منحرف ہو ، یا پھر ان کی ذات میں طعنہ زنی کرے۔ یا ان کی شان میں گستاخی کرے۔ اہل سنت کے ہاں - صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت کا -یہ اصول اس لیے مقرر شدہ ہے کہ کتا ب اللہ اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام ان کی محبت اوران سے واجب دوستی رکھنے کے واجب ہونے پر دلالت کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿وَ الْمُؤْمِنُوْنَ وَالْمُؤْمِنٰتِ بَعْضُھُمْ اَوْلِیَآئُ بَعْضٍ ﴾۔[التوبہ ۷۱] ’’ مؤمن مرد اورمؤمن عورتیں آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں ۔‘‘