کتاب: سفر آخرت - صفحہ 20
مسائل‘‘ مولانا شاہ محمد اسماعیل شہید رحمہ اللہ کی ’’کتاب صراط مستقیم‘‘ اور ’’کتاب ایضاح الحق الصریح فی احکام المیّت والضریح وکتاب (تکملۃ تقویۃ الایمان) تذکیر الاخوان‘‘ میں ماتمی رسومات کی حقیقت و وضاحت اور اس کی تردید کی گئی ہے تو دوسری طرف سنت کے مطابق احکامِ جنازہ میں بھی متعدد کتب لکھی گئیں ۔ چنانچہ مجدد علوم حضرت مولانا سید نواب صدیق حسن خاں تغمدہ اللّٰہ برحمتہ کی تالیف قضیۃ المقدور مولانا سید رحمت العلی رحمہ اللہ کی کتاب ’’الکلام المبین فی بیان التجہیز والتکفین‘‘ (۴۶ صفحات، طبع احمدی لاہور۔ تاریخ طبع ندارد) اورمحقق محدث مولانا عبدالرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ کی کتاب الجنائز وغیرہ کتابوں میں مسنون احکامِ جنازہ تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں ۔ حال ہی میں دمشق کے مشہور محدث شیخ ناصر الدین البانی رحمہ اللہ کی احکام الجنائز نامی ایک ضخیم کتاب طبع ہو کر آئی ہے جس کا اردو ترجمہ بھی ہو چکا ہے یہ کتاب جو اس وقت آپ کے ہاتھ میں ہے جسے ہمارے فاضل دوست مولانا محمد عبیداللہ عفیف زید فضلہ نے تالیف فرمایا ہے جس میں احکام و مسائل جنازہ اور ماتم کے سلسلہ میں رواج یافتہ بدعات و رسومات پر بھر پور مدلل تنقید، دونوں باتوں کو یکجا کر دیا گیا ہے جس کے ایک نظر دیکھنے سے اندازہ ہو سکے گا کہ جذبہ تبلیغ سے سرشارہو کر لکھی گئی اس کتاب میں کافی محنت و جستجو اور تحقیق و تفصیل سے کام لیا گیا ہے جس کے ہوتے ہوئے دوسری کسی کتاب کی شاید ہی ضرورت پڑے گی۔ بلاشبہ یہ کتاب ’’مَا قَلَّ وَدَلَّ‘‘ کا مصداق ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ جناب مؤلف ’’کَثَّرَ اللّٰہُ فِیْنَا اَمْثَالَہٗ‘‘ کے علم و عمل میں برکت عنایت فرمائے بہترین جزا سے نوازے۔ اس تالیف کو اپنے بندوں کے لیے نافع بنائے اورہم سب کو اخلاص فی العمل کی توفیق بخشے۔ آمین!
ابو الطیب محمد عطاء اللہ حنیف بھوجیانی
۱۰؍ ذوالقعدہ ۱۳۹۷ھ
٭٭٭