کتاب: صبر جمیل - صفحہ 25
یہی حالت صحت اور بیماری میں ہے، جس کے جسم کی قوت مدافعت اس کی بیماری پر غالب آجاتی ہے تو وہ صحت مند رہتا ہے، جس کی بیماری اس کی قوت مدافعت پر غالب آجاتی ہے تو وہ بیمار ہو جاتا ہے اور کچھ وہ ہوتے ہیں کہ کبھی بیماری ان پر غالب آجاتی ہے اور کبھی صحت غالب آجاتی ہے، اور وہ بیمار اور تندرست ہوتے رہتے ہیں۔
فصل:… زیادہ اور معمولی مشقت پر صبر کی مثالیں
بعض لوگ بہت زیادہ مشقت پر صبر کرتے ہیں اور بعض معمولی مشقت پر۔
پہلے کی مثال:… کوئی شخص کسی طاقت ور سے کشتی کرے اور مقابلہ کر کے بمشکل جیت پائے۔
دوسرے کی مثال:… جو کسی کمزور سے مقابلہ کرے اور بغیر مشقت کے مقابلہ جیت جائے۔
اسی طرح رحمان اور شیطان کے لشکروں کے درمیان جنگ ہوتی ہے، کچھ ایسے ہوتے ہیں جو شیطان اور اس کے حواریوں کو چت کر دیتے ہیں۔ عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ایک انسان نے ایک جن سے کشتی کی، انسان نے جن کو پچھاڑ دیا، اس جن نے کہا میں تو تجھے کمزور سمجھ رہا تھا تو اس نے کہا میں انسانوں میں سے طاقت ور شخص ہوں۔‘‘ لوگوں نے کہا: کیا وہ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ تھے تو ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا :
’’اس کے علاوہ اور کون ہو سکتا ہے؟‘‘
بعض صحابہ کہا کرتے تھے : ’’مومن بندہ شیطان کو اس طرح کمزور کرتا ہے جس طرح تم اونٹ کو سفر میں کمزور کرتے ہو۔‘‘
ابن ابی الدنیا نے سلف میں سے کسی کا قول نقل کیا ہے: ’’ ایک شیطان دوسرے شیطان سے ملا اور پوچھا! ارے تو تو بہت کمزور اور لاغر دکھائی دے رہا ہے۔ اس نے کہا: میں ایسے شخص کے ساتھ زندگی گزار رہا ہوں کہ جب وہ کھاتا ہے تو ’’بسم اللہ‘‘ پڑھتا ہے، میں اس کے