کتاب: سعادۃ الدارین ترجمہ تعلیقات سلفیہ برتفسیر جلالین - صفحہ 7
کتاب: سعادۃ الدارین ترجمہ تعلیقات سلفیہ برتفسیر جلالین
مصنف: مولانا صفی الرحمن مبارکپوری
پبلیشر:
ترجمہ: اسعد اعظمی
بسم اللّٰه الرحمن الرحیم
حرف آغاز
فن تفسیر میں عربی زبان میں لکھی گئی مختلف النوع کتابوں میں تفسیر جلالین کو یہ شرف اور اعزاز حاصل ہے کہ بر صغیر سمیت دنیا کے بیشتر مدارس میں عرصہ دراز سے داخل نصاب چلی آرہی ہے۔[1]گویا اس کتاب کو قبول عام حاصل ہے اور کتاب اللہ کی تفہیم و تشریح کے لیے دینی مدارس میں سب سے زیادہ اس کتاب کو اہمیت دی گئی ہے۔ذلک الفضل من اللہ۔
کتاب کے دونوں مصنف مسلکاً شافعی مگر عقیدتاً اشعری تھے۔چنانچہ اشاعرہ کے مذہب کے مطابق انھوں نے آیات صفات میں تاویل وتعطیل کی راہ اختیار کی ہے جو مذہب سلف کے سراسر خلاف ہے۔اس لیے اہل حدیث مدارس کے با شعور ذمہ داران ومدرسین اس ناحیے سے ہمیشہ فکر مند رہا کرتے تھے،کیوں کہ اگر کتاب کی تدریس پر مقرر استاد کتاب کی متعلقہ جگہوں پر عقیدہ کی اس لغزش کی جانب طلبہ کو متوجہ کرکے صحیح نقطہ نظر کی نشان دہی نہ کرے تو لازماً طلبہ میں تاویل وتعطیل یا یوں کہیے کہ اشعریت کے جراثیم پرورش پانے لگیں گے،اور منہج سلف ان کے نزدیک اجنبی ہو کر رہ جائے گا۔
[1] مولانا سید عبد الحی(سابق ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ)نے ’’ ہندستان کا نصاب درس اور اس کے تغیرات‘‘کے عنوان سے جو مختصر رسالہ سپرد قلم کیا ہے اس میں انھوں نے اس تعلق سے دستیاب معلومات کی روشنی میں ہندستان میں اسلامی تعلیم اور تدریس کے تسلسل کو چار ادوار میں تقسیم کیا ہے جو ساتویں صدی ہجری سے شروع ہوکر موصوف کے عہد تک کو محیط ہے۔شروع کے تین ادوار کے نصاب میں فن تفسیر میں مدارک،بیضاوی اور کشاف کا تذکرہ ملتا ہے۔
چوتھا دور بارہویں صدی ہجری میں قائم ہوا۔نصاب کے اس حصہ کی بنیاد ملا نظام الدین نے رکھی جو شاہ ولی اللہ دہلوی کے معاصر تھے۔ملا صاحب نے سابقہ نصاب میں جو ترمیمات کیں ان میں ایک ترمیم یہ تھی کہ تفسیر میں مدارک کی جگہ جلالین کو شامل کیا۔
اس بیان سے یہ بات واضح ہو گئی کہ تفسیر جلالین بارہویں صدی ہجری سے مسلسل ہندستانی نصاب درس کا حصہ بنی چلی آرہی ہے۔اس وقت جب کہ پندرہویں صدی ہجری کا ایک تہائی حصہ گزر چکا ہے اس میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے۔(تفصیل کے لیے دیکھیے: اسلامی علوم وفنون ہندستان میں۔از مولانا سید عبد الحی۔اردو ترجمہ از مولانا ابوالعرفان ندوی،ص: ۹-۲۲)