کتاب: رسومات محرم الحرام اور سانحہ کربلا - صفحہ 5
کتاب: رسومات محرم الحرام اور سانحہ کربلا
مصنف: حافظ صلاح الدین یوسف
پبلیشر: دار السلام
ترجمہ:
عرض مؤلف
یہ کتاب راقم کے چند مضامین کا مجموعہ ہے جو مختلف اوقات میں ہفت روزہ’’الاعتصام’‘لاہور میں شائع ہوئے۔موضوع ان سب کا ماہ محرم اور اس سے متعلقہ مباحث و مسائل ہیں۔(ایک فاضلانہ مقالہ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کا بھی اس کی اہمیت اور موضوع کی مناسبت سے اس میں شامل کردیا گیا ہے)جن احباب اور بزرگوں کی نظروں سے یہ مضامین گزرے ہیں ان کی خواہش تھی کہ یہ الگ کتابی شکل میں شائع ہوجائیں تاکہ ان کی اہمیت مستقل اور ان کا دائرہ استفادہ وسیع ہوجائے۔الحمد للّٰہ ان کی خواہش کی تکمیل کا سروسامان بہم پہنچ گیا ہے اور اب انہیں بعض ضروری اور مفید اضافوں کے ساتھ شائع کیا جارہا ہے۔ان مضامین کے مخاطب اہل سنت کے وہ علما اور عوام ہیں جو شعوری یا غیر شعوری طور پر شیعیت کے مسموم اثرات سے متاثر ہیں۔اور ان کا طرز عمل اور فکر رِفض و تَشَیُّع کے فروغ کا باعث ہے۔ہم نے علم وعقل کی روشنی میں ان کو دعوت فکر دی ہےتاکہ وہ سنجیدگی سے موروثی نظریات پر نظر ثانی کرسکیں۔اللہ کرے کہ ان مضامین میں جو جذبۂ ہمدردی کارفرما ہے وہ مؤثر ثابت ہو اور فکر و نظر کی کجیوں کو دور کرنے کا باعث ہو۔
ایں دعاء ازمن وازجملہ جہاں آمین باد!
اس کتاب کا پہلا ایڈیشن ۱۳۹۹ھ میں بعنوان’’ماہ محرم اور موجودہ مسلمان’‘چھپا تھا، اس وقت سے اب تک اسی عنوان سے پاک و ہند سے اس کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں اور الحمد اللہ عوام و خواص میں اس کو خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔تاہم اس میں ایک کمی محسوس ہوتی تھی اور وہ تھی’’واقعہ کربلا اور اس کے اہم اسباب‘‘
سالہا سال سے کتاب تو شائع ہورہی تھی اور اس میں ساری گفتگو بھی اسی موضوع کے متعلقہ مباحث پر ہے، لیکن اصل واقعے کی تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے کتاب میں ایک تشنگی موجود تھی۔