کتاب: رُشدشمارہ 07 - صفحہ 20
جس کی تفصیلات طویل ہیں۔ ہم یہاں صرف اتنے حصہ پر بحث کرناچاہتے ہیں جتنا ’’إِنْ‘‘ شرطیہ اور ’’قَدْ‘‘ سے تعلّق رکھتا ہے۔پہلے ہم بعض مثالیں نقل کریں گے تاکہ جس محذوف کو ہم روشنی میں لانا چاہتے ہیں، اس کی طرف اشارہ کرسکیں۔ قرآنِ مجید میں ہے: ﴿ اِنْ تَسْتَفْتِحُوْا فَقَدْ جَآءَكُمُ الْفَتْحُ ﴾[1] کہ اگر تم فتح چاہتے تھے تو لو فتح آگئی۔ دوسری جگہ ہے: ﴿ فَاِنْ كَذَّبُوْكَ فَقَدْ كُذِّبَ رُسُلٌ مِّنْ قَبْلِكَ ﴾[2] کہ اگر یہ تم کو جھٹلاتے ہیں تو کچھ تعجب نہیں تم سے پہلے دوسرے انبیاء کوبھی جھٹلایاگیا۔ ایک جگہ ہے: ﴿ فَاِنْ يَّكْفُرْ بِهَا هٰؤُلَآءِ فَقَدْ وَ كَّلْنَا بِهَا قَوْمًا لَّيْسُوْا بِهَا بِكٰفِرِيْنَ﴾[3] کہ اگر یہ اس کا انکار کرتے ہیں تو کچھ غم نہیں، ہم نے اس پر ایک ایسی قوم مامور کی ہے جو اس کی منکر نہیں ہے۔ ان تمام مثالوں پر غور کرو گے تو معلوم ہوگا کہ اس طرح کے اسالیب میں ’قَدْ‘ کے بعد جو جملہ ہوا کرتا ہے وہ اس امر کی آسانی اور سہولت کو بیان کرتا ہے جو ’’إِنْ‘‘ کےبعدکہی جاتی ہے، یعنی اسلوبِ محذوف کو اگر کھول دیا جائے تو تقدیرِ کلام یہ ہوتی ہے کہ اگر ایسا ایسا ہوا تو کچھ حرج نہیں، یا کوئی اشکال نہیں، یا یہ معمول کی بات ہے کیونکہ ایسا ایسا ہوچکا ہے۔ پس اس آیت کی تاویل یہ ہوگی کہ اگر تم پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کی رضاجوئی کے لئے خدا سے توبہ کرو، جس طرح پیغمبر تمہاری دلداری فرماتا ہے، تو یہی بات تم سے متوقّع ہے کیونکہ تمہارے دل تو اس کی طرف مائل ہی ہیں۔‘‘ [4] مولانا فراہی رحمہ اللہ نے شاذ ومنکر الفاظ استعمال کرنے کی دوسری مثال یہ دی ہے کہ آیتِ کریمہ: ﴿ لَقَدْ مَنَّ اللّٰهُ عَلَى الْمُؤْمِنِيْنَ اِذْ بَعَثَ فِيْهِمْ رَسُوْلًا مِّنْ اَنْفُسِهِمْ ﴾[5] کہ اللہ نے مؤمنوں پر احسان فرمایا جب ان کے اندر انہی میں سے ایک رسول مبعوث فرمایا، کے تحت کسی کا قول یہ ہے کہ ﴿اَنْفُسِهِمْ﴾ میں فاء منصوب ہے یعنی مِنْ أَنْفَسِهِمْ۔ یہ تاویل بالکل باطل ہے اس کی کئی وجوہات ہیں۔ مثلاً: ۱۔ یہ معنیٰ شاذ ہیں، خود قرآن میں یہ بات موجود ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنی قوم میں سے تھے۔ ۲۔ یہ بالکل واضح معاملہ ہے۔ ۳۔ یہ کہ رسول کا اپنی قوم میں سے ہونا کوئی عیب نہیں، وہ انہی میں سے ہوتا ہے۔
[1] سورة الأنفال: 8 : 19 [2] سورة آل عمران: 3 : 184 [3] سورة الأنعام: 6 : 89 [4] تفسير نظام القرآن: ص200 [5] سورة آل عمران: 3 : 164