کتاب: رُشدشمارہ 07 - صفحہ 121
ہوگا کہ یہ ایسی دعاء ہے جس سے استغناء ممکن نہیں اور یہ دعاء سنت مؤکدہ ہے اور اس پر مواظبت ضروری ہے نہ کہ یہ کوئی قرآن کا حصہ ہے اور صحابہ اپنے مصاحف میں قرآن کے علاوہ مختلف قسم کے تاویلات، معانی اور دعائیں لکھتے تھے اس اعتماد کے ساتھ کہ قرآن کے ساتھ غیر قرآن ان کے لئے کوئی مشکل پیدا نہیں کرے گا۔ ۷۔ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ دعا قرآن کا ایک حصہ ہو پھر منسوخ ہوگیا ہو لیکن اس کے ساتھ دعا مانگنا مباح ہو، تو سیدنا ابی بن کعب سے یہ دعا اولاً نقل کیا گیا ہے ۔ ۸۔ بالفرض ہم مان بھی لیں کہ سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ دعا قنوت کو قرآن سمجھتے تھے اوروہ اس را ئے پر قائم بھی تھے تو نقل قرآن کی صحت میں یہ کوئی طعن والی بات نہیں ہے کیونکہ وہ اس رائے میں منفرد تھے اور یہ اس بات پر بھی دلالت نہیں کرتا کہ یہ مصحف سیدنا ابی بکر صدیق اور مصحف سیدنا عثمان میں بھی ثابت ہو کیونکہ سیدناابوبکر کے عہد میں جمع قرآن کے سلسلے میں انتہائی دقت کا التزام کیا گیا تھا کیونکہ ہر قراءت کے لئے دو گواہوں کا موجود ہونا ضروری تھاتو اسی وجہ سے سیدنا ابی بن کعب کی قراءۃ بھی رد ہوچکی ہوگی جس طرح کہ سیدنا عمر کی قراءۃ آیت الرجم کے حوالے سے رد کی گئی تھی۔ ۹۔ اگر ہم تسلیم بھی کرلیں کہ سیدناابی بن کعب قنوت کا قرآن ہونے کے معتقد تھے تو یہ بات بھی ثابت ہے کہ انہوں نے اپنے قول سے رجوع کرلیا تھا اور ان کے ساتھ اتفاق کیا تھا اور اس پر دلیل اُن کی وہ قراءت ہے جس کو امام نافع(متوفیٰ 785ھ) ، امام ابن کثیر (متوفیٰ 120ھ) اور امام ابو عمرو (متوفیٰ 771ھ) وغیرہ نے نقل کیا ہے جس میں ’’سورۃ الخلع‘‘ اور ’’سورۃ الحفد‘‘ نہیں ہے۔ امام ابو الحسن اشعری رحمہ اللہ (متوفیٰ 935ھ) فرماتے ہیں کہ میں نے بصرہ میں ایک قوم کے پاس مصحف سیدنا انس اس کے بیٹے کی طرف سے دیکھا تو میں نے اس کو جماعت کے مصحف کے ساتھ مساوی پایا۔ اور سیدنا انس کے بیٹے روایت کرتے ہیں کہ یہ سیدناانس کا خط ہے اورسیدنا ابی بن کعب کا املاء (لکھوایا ہوا)ہے۔ [1] ایک اور روایت جس کو مصنف ابن ابی شیبۃ میں روایت کیا گیا ہے اس میں قنوت کو دعا اور استغفار کہا گیا ہے: ’’حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ ، قَالَ : أَخْبَرَنَا مُغِيرَةُ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ ، قَالَ : لَيْسَ فِي قُنُوتِ الْوِتْرِ شَيْءٌ مُؤقَّتٌ ، إِنَّمَا هُوَ دُعَاءٌ واسْتِغْفَارٌ. ‘‘[2]
[1] أبو زید، محمد شرعی، كتاب جمع القران في مراحله التاريخية من العصر النبوي إلى العصر الحديث:1/190، کتاب جمع القرآن، كلية الشريعة جامعة الكويت ، الطبعة الأولى، 1419ھ [2] الكتاب المصنف في الأحاديث والآثار، باب في قنوت الوتر من الدعاء: 6894