کتاب: رُشدشمارہ 07 - صفحہ 120
قاضی ابو بکر الباقلانی رحمہ اللہ کے علاوہ اور بھی بہت سے لوگوں نے اپنے علم کے مطابق اس کے جوابات ذکر کئے ہیں، جن میں سے چند ایک یہ ہیں:
جوابات:
۳۔ قنوت کے سلسلے میں سیدنا ابی بن کعب سے متعلق جو روایات منقول ہیں ان کی صحت غیر مسلم ہے نیز وہ سیدنا ابی بن کعب کے فضل،عقل، کثرت علم ، ہدایت یافتہ ہونے اور اُن کے قرآن پر مضبوط گرفت کے حامل ہونے کے خلاف ہیں ۔
۴۔ دوسرا جواب یہ ہے کہ قنوت قرآن کا حصہ نہیں ہے۔ کیونکہ اگر یہ قرآن کا حصہ ہوتا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس کو ثابت اور ظاہر فرماتے۔ اہل فصاحت وبلاغت جانتےہیں کہ اس (قنوت)کا نظم قرآن کے نظم جیسا نہیں ہے پس اگر سیدنا ابی بن کعب نے اس کو اپنے مصحف میں لکھا تھا تو یہ سہواًلکھا تھا، پھر جب پتہ چلا کہ یہ قرآن کا حصہ نہیں ہے تواس سے رجوع فرمالیا۔
۵۔ ان روایات کے ضعف پر یہ بات بھی دلالت کرتی ہے کہ سیدنا عثمان نے جب قرآن مجید جمع فرمایا تو وہ ان تمام مصاحف کو سختی سے جلارہے تھے جو آپ کے جمع کردہ مصحف کے علاوہ تھے۔ اور یہ بات ظاہر ہے کہ سیدنا ابی بن کعب کا مصحف دوسرےلوگوں کے مقابلے میں سب سے پہلے سرعت کے ساتھ جمع کیا جاچکا ہوگا کیونکہ ابی ان لوگوں میں شریک تھے جو قرآن کو جمع کررہے تھے ۔ اور اس بات پر یہ روایت دلیل ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ سیدنا عثمان نے آپ کا مصحف بھی قبضے میں لے لیا تھا :
’’عن محمد بن أُبَيٍّ أن ناسًا من أهل العراق قدموا إليه، فقالوا: إنَّما تحمَّلْنا إليك من العراق، فأخْرِجْ لنا مصحفَ أُبَيٍّ. قال محمدٌ: قد قبضَه عثمان. قالوا: سبحان اللّٰہ ! أخْرِجْه لنا. قال: قد قبضَه عثمان. ‘‘[1]
"محمد بن ابی (ابی کے بیٹے)سے روایت ہے کہ عراق کے کچھ لوگ ان کے پاس آئے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم آپ کے پاس عراق سے آئے ہیں ہمیں مصحف ابی دکھائیں۔ محمد بن ابی نے کہا: اس کو تو سیدنا عثمان نے قبضے میں لے لیا تھا۔ ان لوگوں نے کہا : سبحان اللہ! ہمیں دکھائیے ۔ محمد بن ابی نے دوبارہ کہا: تحقیق اس کو سیدناعثمان نے قبضے میں لے لیا تھا۔‘‘
۶۔ سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے قنوت کے بارے میں جو مروی ہے تو اس میں تو کہی بھی یہ نہیں لکھا ہے کہ یہ قرآن منزل ہے ہاں یہ ضرور ہے کہ اُس نے اس کو صرف اپنی مصحف میں لکھا ہے۔ لکھا بھی اس وجہ سے
[1] البغدادی، أبو عبید القاسم بن سلام، فضائل القرآن: 463، كتاب فضائل القرآن و معاليه وأدبه، باب تألیف القرآن وجمعه ومواضع حروفه...463