کتاب: رُشدشمارہ 06 - صفحہ 57
خلاصہ بحث اصول تفسیر کے مادہ اور موضوع کی تدوین مختلف ارتقائی مراحل سے گزری ہے۔ صحابہ اور تابعین کے زمانے میں قرآن مجید کی تفسیر کے اصول رائج تو تھے لیکن مدون صورت میں موجود نہ تھے۔ پہلے پہل متقدمین مفسرین نے اپنی تفاسیر کے مقدمات میں ان اصولوں کو بیان کرنا شروع کیا کہ جن کی روشنی میں انہوں نے امہات التفاسیر مرتب کیں۔ قرون وسطی میں علوم القرآن کی کتب میں ان اصول وضوابط کو تفصیل سے بیان کیا گیا کہ جنہیں تفسیر قرآن میں ملحوظ رکھنا چاہیے۔ متاخرین کے ہاں اصول تفسیر کے عنوان سے اس موضوع پر مستقل تصانیف مرتب کی گئیں۔ ان اصولوں کو وضع کرنے کا مقصد یہ تھا کہ تفسیری اقوال میں صحیح وسقیم میں تمیز ہو سکے، اسرائیلیات سے استفادے کا ضابطہ وضع ہو سکے، تفسیر بالماثور اور تفسیر بالرائے میں فرق ہو سکے، اور سلف صالحین کے تفسیری منہج کی وضاحت ہو سکے۔