کتاب: رُشدشمارہ 02 - صفحہ 17
کے مفہوم پر عمل نہیں ہوگا۔ [1]امام شوكانی رحمہ اللہ نے مفہوم مخالف پر عمل کرنے کے لیے آٹھ شرائط کا ذکر کیا ہے، جن کا خلاصہ یہ ہے کہ مفہوم مخالف پر عمل کی شرط یہ ہے کہ اس کے ساتھ لگی قید کو اتفاقی کے بجائے احترازی ہونا چاہیے۔ [2]
دلالتِ معقول
’دلالت معقول‘ سے مراد یہ ہے کہ کوئی لفظ اپنے معنی یعنی علت سے جو اس سے نکالی گئی ہو، کسی حکم پر دلالت کرے۔ اس میں مصلحت سے استدلال بھی داخل ہے، خواہ شریعت اس مصلحت کی نوع کی تاکیدکرتی ہو کہ جس کو قیاس کہتے ہیں یا جنس کی تائید کرتی ہو کہ جس کو ’مصلحت مرسلہ‘ کہتے ہیں۔
استحسان اور سد ذرائع بھی اس قبیل سے ہیں، جیسے قرآن مجید کی آیت: ﴿ يٰاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا اِنَّمَا الْخَمْرُ وَ الْمَيْسِرُ وَ الْاَنْصَابُ وَ الْاَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطٰنِ فَاجْتَنِبُوْهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ﴾ [3] سے شراب کی حرمت معلوم ہوتی ہے۔ یہ حرمت آیت کے الفاظ بتلاتے ہیں، لیکن آیت میں جو علت سمجھ میں آتی ہے یعنی نشہ اس سے نبیذ اور دوسری تمام نشہ آور اشیاء کی حرمت معلوم ہوتی ہے۔
یہ دلالت قیاس کے باب میں داخل ہے کیونکہ ہر قیاس ایسی مصلحت ہے کہ جس کی نوع کی تائید شرع کرتی ہے۔ نبیذ کی حرمت اور اس کے پینے والے کو سزا دینا انسانی عقل اور اس کے ہوش و حواس کی حفاظت کے لئے ہے۔ اور انسانی عقل کی حفاظت کی تائید ایک معین نص سے ہوتی ہے، جو حرمت شراب کے بارے میں وارد ہوئی ہے، یعنی شارع انسانی عقل کی حفاظت چاہتا ہے۔ نبیذ پینے کی ممانعت میں جو مصلحت ہے ، شراب پینے کی ممانعت بھی اسی نوع سے تعلق رکھتی ہے یعنی ان دونوں کی ممانعت کا مقصد حفاظت عقل ہے۔ [4]
دلالت کی اقسام اور امام بخاری رحمہ اللہ
ذیل میں دلالت کی ان تمام قسموں سے متعلق امام بخاری رحمہ اللہ (متوفیٰ 256ھ) کے نقطہ نظر کو مختلف نکات کی صورت میں صحیح بخاری کے ابواب اور احادیث کی روشنی میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔
1۔منطوق کی دلالت مفہوم کی دلالت پر مقدم ہوتی ہے
"كتاب الآذان، باب وجوب القراءة للإمام والمأموم في الصلوات كلها...."
امام بخاری رحمہ اللہ اس باب کے تحت چار احادیث لائے ہیں اور ان چار حدیثوں کےمجموعی مفہوم سے ایک
[1] سنن أبي داؤد، كتاب البيوع، باب التمر في التمر: 3359
[2] صحيح البخاري،كتاب الصوم، باب من مات و عليه الصوم: 1953
[3] ابن النجار، محمد بن أحمد، شرح الکوکب المنیر في أصول الفقه: 4/ 128 ، جامعة أم القرى، مكة المكرمة، 2003ء
[4] ابن حاجب، جمال الدين، أبو عمرو عثمان بن عمر المالكي، مختصرمنتهي السؤل والأمل في علمي الأصول والجدل: 151۔152، مطبعة السعادة، مصر، 1326ھ
[5] الجرجاني، علي بن محمد بن علي، التعریفات: ص90، دار الكتب العربي، بيروت، 1405ھ
[6] زين الدين زكريا بن محمد بن أحمد زكريا، شيخ الإسلام، غاية الوصول شرح لب الأصول: ص37، مصطفىٰ البابي الحلبي، مصر، 1360ھ