کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 935
قرا ء ت،دفاع قراءت اور ردّمستشرقین ومنکرین قراءت پر حافظ عبد الرحمن مدنی ، ابو محمد حافظ عبد الستار حماد، مفتی عبد الواحد، مفتی محمد تقی عثمانی، قاری محمد ابراہیم میرمحمدی، قاری محمد ادریس العاصم، قاری احمد میاں تھانوی، قاری حمزہ مدنی، ڈاکٹر حافظ حسن مدنی کے علاوہ دیگر اہم اہل علم کے قلم سے لکھے جانے والے علمی وتحقیقی مضامین اور علم تجوید وقراءت کے موضوع پر ۴۰۰سے زائد مضامین کا ایک جامعہ اشاریہ شامل ہے۔شائقین علم قراءات کے لیے بیش قیمت علمی تحفہ ہے تجوید وقراءت کاذوق رکھنے والے بذریعہ ڈاک طلب کر سکتے ہیں ۔
( ہفت روزہ ’حدیبیہ ‘ کراچی )
٭٭٭
دورِ حاضر میں مختلف فتنے اپنے اوپراسلام کا لیبل لگائے سرگرم عمل ہیں ۔ انکار حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ساتھ قراءات کو ’’فتنۂ عجم ‘‘ کا نام دے کر اسے مشکوک ٹھہرانے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔ یہ بات قابل افسوس ہے اور اس طرف توجہ دینے کی بڑی ضرورت ہے کہ سبھی دینی مدارس میں قرآن حکیم کی قراءت کو بطور مضمون نہیں پڑھایا جاتا ۔ گو ان مدارس نے بھی لاتعداد قار ی حضرات پیدا کیے ہیں ۔
جامعہ لاہور الاسلامیہ نے قراءات کے حوالے سے ماہنامہ رشد کاخصوصی نمبر نکالا ہے ۔ سات سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ خصوصی نمبرقراءات کا پہلا حصہ ہے ۔ اس میں ممتاز علمائے کرام کے قراءت کے حوالے سے مضامین ہیں ۔ قراءت کے کئی اسلوب ہیں ۔ قراء توں میں یہ اختلاف در اصل مختلف ممالک کے قاریوں کے لہجہ کے باعث ہے۔ مثلاً مراکش کا قاری قرآن حکیم کی آیات کو جس لہجے میں تلاوت کرے گا ممکن ہے ملائیشیا یا برما کا قاری اس سے مختلف لہجہ اختیار کرے ۔ مجموعی طور پرسات انداز قراءت تسلیم کیے جاتے ہیں ، لیکن بعض انداز کی باہم ’ملاوٹ ‘‘ سے نئے انداز بھی سامنے آئے ہیں ۔
رشد کے قراءت نمبر میں قراءت کے حوالے سے نہایت عمدہ مباحث شامل ہیں اور سبھی لکھنے والے علماء نے قرآن وحدیث کے حوالے سے ہی اپنے اپنے موقف کی وضاحت کی ہے۔ مجلہ میں ’’اس کے دوسرے ‘‘نمبر کے مضامین کی فہرست بھی شامل کر دی گئی ہے۔ جریدہ عمدگی سے طبع اور پیش کیا گیا ہے اور قیمت محض برائے نام ہے۔ جامعہ الاسلامیہ بلاشبہ اس خصوصی نمبر کی اشاعت پر مبارکباد کامستحق ہے۔
مبصر:نذیرحق
(سنڈے میگزین ’زندگی‘،روزنا مہ پاکستان لاہور)
٭٭٭