کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 928
نسلوں کے لئے بڑا علمی ذخیر ہ ہے۔ اس ماہنامہ میں علم تجوید و قراءات سے متعلق بڑے مفید اور معلوماتی مضامین ہیں ۔ یہ مضامین بڑے مدلل ، محقق اور جدید علمی تقاضوں کے مطابق ہیں ۔ اس ماہنامہ کے مضامین بڑے جامع اور مفصل ہیں اور قارئین کے دلچسپی اور معلومات کے لئے قراء حضرت کے انٹرویو بھی اس میں شامل ہیں ۔
قراءاتِ عشرہ کے ثبوت اور اس کی اہمیت اور فضیلت کو مدلل اور محقق دلائل سے ثابت کیا گیا ہے۔ یہ ایسا علمی سرمایہ ہے جو سالہا سال تک زندہ جاوید رہے گا اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بندہ اس ماہنامہ کے تمام معاونین کے لئے د عا گو ہے کہ اللہ کریم ان کو اس کار خیر پر بہترین جزا عطا فرمائے۔ فجزاہم اللہ أحسن الجزا ۔آمین
ڈاکٹر قاری محمد مظفر
صدر مدرس ، شعبہ تجوید وقراءت جامعہ رضویہ ٹرسٹ
سنٹرل کمرشل مارکیٹ سی بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور ،پاکستان
٭٭٭
سرپرست اعلیٰ ماہنامہ ’رشد‘حافظ عبد الرحمن مدنی حفظہ اللہ
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ !
مسنون سلام کے بعد امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔
ماہنامہ رشد ’قراءات نمبر‘( حصہ اوّل ) کچھ روز قبل شیخ المقری قاری ادریس العاصم حفظہ اللہ سے احقر کوملا جوکہ احقر کے بھی شیخ ہیں ۔بندہ نے نظر عمیق سے بعض مضامین کا مطالعہ کیا تو اس خاص اشاعت کو ہرلحاظ سے سود مند پایا مثلاً قرآن پاک کی مختلف آیات بینات سے مثالیں دے کر اختلافِ قراءات کوواضح کیاگیا ہے اور اسی طرح اَحادیث کی تخریج کے ساتھ فن قراءات کے اختلاف کو ثابت کیا گیا ہے جوکہ آپ کی اور آپ کے معاونین کی عظیم کاوش ہے ۔
دعاہے کہ اللہ رب العزت آپ کی اور آپ کے جملہ معاونین کی اس کاوش کو قبول فرماکر ہرخاص وعام کے لئے اس رسالہ(رشد) کونافع مندبنائے(آمین )شکریہ
ابومحمد قاری خدا بخش بصری
صدر مدرس شعبہ تجویدوقراءات عشرہ
دارالعلوم جامعہ انجمن نعمانیہ اندرون ٹکسالی گیٹ لاہور
٭٭٭
محترم جناب قاری حمزہ مدنی صاحب
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
اُمید ہے مزاج گرامی بخیر ہوں گے۔اسلام کی آمد کے بعد سے موجودہ جدید دور تک علوم عقلیہ ونقلیہ کی تر ویج و اشاعت میں اسلام کے ابتدائی وجدید تعلیمی اداروں نے بے مثال کردار ادا کیاہے ۔
ان ہی مدارس میں سے ایک جامعۃ لاہور الاسلامیۃ،بھی ہے جس نے علم وتحقیق کے تمام فراموش کردہ علوم پربے انتہاء خدمات انجام دیں ہیں ان میں سے ایک ’’علم قراءات سبعہ عشرہ‘‘ہے۔