کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 923
ماہنامہ’ر شد‘ نے ایسی سوچ پر علمی گرفت کی ہے اور دلائل سے مذکورہ بالا منفی سوچ کے اثرات کو زائل کیا ہے ۔ ہماری دانست میں ماہنامہ ’رشد‘ کا مذکورہ قراءات نمبر اندھیرے میں قندیل کا درجہ رکھتا ہے۔ ماہنامہ’رشد ‘ کے ذمہ داران اس حوالے سے مزید خدمت کاارادہ بھی رکھتے ہیں ۔ اُمید ہے وہ یقیناً کامیاب ٹھہریں گے اور ان کی کاوشیں بار آور ہوں گی ۔ ماہنامہ ’رشد‘ کاقراءات نمبر علم کے متلاشی محققین کے لئے نعمت غیر مرقبہ ثابت ہو گا۔جس کے ذریعہ قرآن اورقرآنی علوم سے محبت رکھنے والے لوگ اپنے دلوں کے لئے جلا حاصل کرتے رہیں گے۔
ماہنامہ ’رشد‘ کے مذکورہ قراءات نمبر پر مفصل ناقدانہ تبصرہ اِن شاء اللہ ماہنامہ التجوید کے آئندہ شمارے میں شائع کیا جائے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر قاری محمد طاہر
مدیر:ماہنامہ التجوید،فیصل آباد
٭٭٭
مکرمی جناب قاری حمزہ مدنی صاحب مدیر ماہنامہ ’رشد،‘لاہور
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ وبعد :
ماہنامہ ’رشد ‘کاتازہ شمارہ بابت ماہ جون ۲۰۰۹ء زیرنظر ہے۔ سات سوسے زائد صفحات پرمشتمل اس شمارے کی اشاعت پرمیں آپ کو ہدیہ تبرک پیش کرتاہوں ۔اس وقیع علمی کاوش پربطورِ تبصرہ چند سطورپیش خدمت ہیں ۔
قرآن مجید ،فرقان حمید بلاشک وشبہ قیامت تک کے انسانوں کے لئے ہدایت ورشد کا منبع وسرچشمہ ہے ۔اس کلام پاک کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:((إن ہذا القرآن أنزل علی سبعۃ أحرف)) یہ حدیث معنی کے اعتبارسے متواترہے ’’قرآن مجید سات قراء اتوں پر نازل ہواہے ‘‘ یہ بات اُمت مسلمہ میں تواترکے ساتھ چلی آرہی ہے اور اس پرامت متفق ہے، لیکن آج کل متجددانہ سوچ رکھنے والے بعض سکالرز اس بات سے انکار کرتے ہوئے یہ رائے پیش کررہے ہیں کہ قرآن کی صرف ایک ہی قراءت صحیح اورمتواتر ہے اوروہ باقی تمام متواترقراء توں کو شاذ،غیر معروف اور عجم کا فتنہ قرار دیتے ہیں ۔
اس تناظرمیں حافظ عبد الرحمن مدنی حفظہ اللہ اوران کے صاحبزادگان نے ماہنامہ ’رشد ‘کا قراءات نمبر(حصہ اوّل) شائع کیاہے جس میں قراءاتِ سبعہ عشرہ کی اہمیت وضرورت کو علمی وتحقیقی اندازمیں پیش کیاگیاہے ۔نیز یہ شمارہ نہ صرف اکابر علمائے کرام کے مضامین سے مزین ہے جوقراءاتِ قرآنیہ کے ثبوت میں تحریرکئے گئے ہیں بلکہ قراءات کے بارے میں شکوک وشبہات پیداکرنے والوں اورمستشرقین کے خیالات کارد بھی نہایت مدلل انداز میں موجود ہے ۔
زیرتبصرہ شمار ہ اس ضمن میں ایک واقعی مستحسن کوشش ہے اورعلمی وتحقیقی کاموں میں قابل قدر اضافہ ہے۔اس موضوع پر قلم اٹھانے اور خاص نمبر نکالنے پر حافظ عبدالرحمن مدنی حفظہ اللہ اور ان کے صاحبزادگان مبارکباد کے مستحق ہیں ۔اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کوشرف قبولیت بخشے ۔آمین
اس خاص نمبر کی افادیت کا تقاضا ہے کہ اسے زیادہ سے زیاہ عام کیا جائے تاکہ لوگ دین کی صحیح تعلیمات سے واقف ہوں ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے خصوصی فضل سے آپ کی مساعی کوشرفِ قبولیت عطاء فرمائے۔آمین