کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 921
محمد ابراہیم میرمحمدی حفظہ اللہ ،محمد اکرم چوہدری حفظہ اللہ اور فیروز الدین حفظہ اللہ نے اختلاف قراءات قرآنیہ پر مستشرقین کے شبہات پر جرح کرکے تحقیقی اندازمیں تعاقب کیااور اُمت مسلمہ میں تحریف قرآن کے شکوک وشبہات کا ازالہ کیا اورقرآن سے متعلق اہل مغرب کی ابتدائی تحقیقی رپورٹ سے ثابت کیا کہ وہ چودہ صدیوں پرمحیط مطبوعہ وقلمی ۴۲ ہزار نسخہ جات میں کتابت کی غلطیوں کونکال سکے، لیکن متن قرآن میں کسی قسم کے تضادکی نشان دہی نہ کرسکے ۔’قراءات نمبر‘ میں کئی اوربھی پرمغز تحقیقی مقالات شامل ہیں ۔اختلاف قراءات کی بحث چھیڑ کر تحریف قرآن کے قائلین کوتقویت فراہم کرنے والے اورعام فہم مسلمانوں میں شکوک وشبہات جنم دینے والے گروہوں کے تعاقب کے لیے علمی وتحقیقی دستاویز ہے ۔قرآن پر تحقیق کرنے والوں کے لئے بیش بہا خزینہ ہے ۔مقالہ نگار اورمرتبین کو رب کریم دنیا وآخرت میں اَجرعظیم سے نوازے۔۷۱۲ صفحات پر مشتمل قراءات نمبر(جلداول) کی قیمت صرف ۱۵۰ روپے ہے جو ۹۹ جے ماڈل لاہورسے مل سکتاہے ۔ عطاء محمد جنجوعہ ٭٭٭ الحمد اللّٰہ رب العلمین والصلوٰۃ والسلام علی سید الانبیاء والمرسلین۔ أما بعد اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں کہ قراءت کے حوالے سے خصوصی نمبر کی اشاعت ایک انتہائی ذمہ دارانہ اور تحقیق طلب کام ہے او رماہنامہ’رُشد‘ نے ادارۂ محدث کی قدیم روایت کو زندہ رکھتے ہوئے ایک حقیقت افروز نمبر پیش کرنے کا شرف ِ امتیاز حاصل کرلیاہے۔ قراءات نمبر کے مدلل مضامین اور انہیں پیش کرنے کے جدید اُسلوب کے ساتھ ساتھ تقریباً ہر مضمون نگار کے بیان حق میں باطل پر برسنے والی شمشیر کی سی تندی ہے جسے صاف محسوس کیا جاسکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ قراءات کے وجود سے کوئی صاحب علم انکار نہیں کرسکتا۔مگر یہ بات بھی ناقابل تردید ہے کہ فی زمانہ بہت سے اہل علم و دانش علم قراءت سے پوری طرح یا کم از کم اس کی کُنہہ سے ناواقف ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ انکار قراءات کے سلسلے میں بعض سلیم الفکر علماء بھی فتنہ پردازوں کے ہم نوا دکھائی دیتے ہیں ، لیکن یہ ضروری نہیں کہ اصحاب علم کی کوئی جماعت، علم کے کسی شعبے سے ناواقف ہو تو اس علم ہی کا انکار کردیا جائے یا اس میں محض اپنی جہالت کے زیر اثر شکوک و شبہات پیدا کئے جانے لگیں اور علماء اپنے ذہنی الجھاؤ کی بنا پر پوری تاریخ، حقائق اور پختہ روایات و اسانید کو مسخ کرنے کی سعئ لاحاصل میں مشغول ہوجائیں بلکہ انہیں مستند ذخیرۂ علم کی طرف رجوع کرتے ہوئے فراخ دلی سے اس مسئلے کو سمجھنا اور عوام کوآگاہ رکھنا چاہئے۔ رہے اسلام دشمن عناصر اور منکرین قراءت تو دراصل یہ مستشرقین کی ذریت ہے جس کا مقصد وحید اسلام اور تعلیمات اسلام کے بارے میں شکوک و شبہات پھیلانا ہے۔ احادیث کے بعد یہ روسیاہ اب کتاب اللہ کے درپے ہیں کہ اسے بھی ظنون و اوہام کا پلندہ بنا دیا جائے او رقلوب و اذہان میں ، اس کتاب مجید کا جو تقدس اوربزرگی قائم ہے وہ کسی طرح فرو ہوجائے تاکہ سرے سے اسلام کی بنیادیں ہی غیر محفوظ قرار پائیں ۔ ماہنامہ رُشد نے بلا شبہ قراءات نمبر کی اشاعت کے ذریعے سے باطل کی پشت پر بُرہانیت کا تازیانہ برسایہ ہے۔ اس کے تمام مضامین دلائل و حقائق سے آراستہ ہیں کا مطالعہ فی الواقع قاری کے لئے نہایت معلومات افزا ہے، تاہم ابھی کچھ غیر معمولی موضوعات ایسے ہیں جن پر تفصیلی اور تحقیقی جستجو کی گنجائش باقی ہے۔ رسالے میں بعض مقامات پر