کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 907
ترتیب: حافظ محمد عبد اللہ ٭
تبصرہ جات بر ماہنامہ رشد ’قراءت نمبر‘
[حصہ اوّل]
مخدوم ومحترم مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی حفظہ اللہ زادکم اللّٰہ عزا وشرفا
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ مزاج گرامی بخیر!
آپ کا مؤقرماہنامہ’رشد‘باقاعدگی سے مل رہا ہے جب کہ یہ آپ کی شفقت ومحبت ہے کہ’رشد‘کی طرح ’محدث‘بھی تسلسل سے اِرسال فرماتے ہیں اور پھر ان کے وقیع اور علمی مضامین سے استفادہ کی تقریب پیدا ہوجاتی ہے۔ جزاکم اللّٰہ أحسن الجزاء
’رشد‘کاحالیہ جون ۲۰۰۹ء کا قراءات نمبر(حصہ اوّل) موصول ہوا،جوماشاء اللّٰہ ۷۲۰ صفحات پرمشتمل ہے اورمتنوع موضوعات کواپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ قراءاتِ سبعہ وعشرہ کے بارے میں شبہات وتوہمات کے ازالے کاوافرمواد اس میں موجود ہے اس کے علاوہ قرآن پاک کی طباعت واِشاعت،مصحف مدینہ ،برصغیر میں قراءات کے تدریجی ارتقاء ،قراءات عشرہ کی اسانید ،قراء کرام کاتعارف جیسے دلچسپ اورعلمی عناوین پر سیرحاصل بحث ہے۔
اس وقیع اورمفید ’قراءات نمبر‘پر بلاشبہ آپ اورکلیۃ القرآن الکریم لاہورکے تمام رفقاء مبارک باد کے مستحق ہیں ۔اللہ تعالیٰ آپ کی اس سعی کوسعی مشکور بنائے اورخدام قرآن کی فہرست میں شامل کرلے۔
این دعا از من و از جملہ جہاں آمین باد
یہ بات بڑی عجیب سی بات ہے کہ قراءات سبعہ وعشرہ کو منکرین قراءات ’فتنہ عجم‘ قرار دیتے ہیں بلکہ ان قراء توں پرمشتمل مطبوعہ قرآن مجید کوقرآن مجید ہی تسلیم کرنے کے لیے تیارنہیں ۔جب کہ عالم اسلام میں یہ قراءات متعارف اورمعمول بہا ہیں ۔لیبیا ،تیونس، سوڈان، مراکش، ابوالجزائر،صومالیہ، مواتیانیہ، نائیبریااورافریقہ میں قراءات امام ورش رائج ہے۔ ان کے ہاں اسی قراءات پر قرآن پاک شائع ہوتاہے ۔حرمین شریفین کی زیارت سے مشرف ہونے والے حضرات ان ممالک سے آنے والے حجاج کرام کواسی قراءات پر مطبوعہ قرآن پاک کوپڑھتے ہوئے دیکھتے ہیں اوردیکھ سکتے ہیں ۔ ان کے ہاں یہ قراءات اسی طرح قرنا بعد قرن رائج ہے جیسے ہمارے ہاں قراءات حفص رائج ہے۔ بلکہ سعودیہ عربیہ’’اللہ تعالیٰ اسے شاد باد رکھے ‘‘میں مجمّع الملک فہد کی جانب سے قراءت ورش، قراءت دوری، قراءت قالون کے مطابق قرآن پاک زیور طبع سے آراستہ ہوچکاہے اورباقی قراءت کے مطابق بھی قرآن پاک کی طباعت کا اہتمام ہورہا ہے اب اگر ان قراء توں کے مطابق قرآن ، قرآ ن ہی نہیں تواس کا منطقی نتیجہ ہے کہ تقریبا نصف کے قریب مسلمان قرآن مجید کی سعادت سے ہی محروم ہیں ۔
[1] فاضل کلیۃ الشریعہ ، جامعہ لاہور الاسلامیہ و رکن مجلس التحقیق الاسلامی، لاہور